Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کوروناکیسزمیں اضافہ:پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 17 مئی تک توسیع

لاہور:کوروناکیسز میں اضافے کے باعث پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 17...
شائع 25 اپريل 2021 12:34pm

لاہور:کوروناکیسز میں اضافے کے باعث پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن میں 17 مئی تک توسیع کردی گئی جبکہ آئندہ ہفتے سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج میدان میں اترے گی۔

کیبنٹ کمیٹی برائےکورونا کی سفارشات پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ،24 اپریل سے لگایا جانے والا لاک ڈاؤن 17 مئی تک نافذالعمل رہےگا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ان ڈورشادیوں اور دیگر تقریبات پر عائد پابندی برقرار رہے گی،کورونا کے 8 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پرپابندی برقرار رہے گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں کاروباری مراکزشام 6بجے بند کر دیئے جائیں گے ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہوگی،سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہو گا،دفاتر کے اوقات صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک محدود ہوں گے،تفریحی پارکس بند، جوگنگ ٹریکس کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سینما ہالز مکمل طور پر بند رہیں گے ، اسپورٹس،ثقافتی تہواراور اجتماعات پر مکمل پابندی عائدہوگی، شہر کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جاری رہے گی ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن مکمل طور پر بند رہے گی۔

میڈیکل اسٹورز ، لیبارٹریاں،اسپتال اور کلینکس کھلے رہیں گے، دودھ دہی ، چکن اور گوشت ، مچھلی کی دکانیں، بیکریاں،جنرل اسٹورزکھلے رہیں گے۔

ادھر آئندہ ہفتے سے زیادہ کورونا کیسز والے پانچ اضلاع میں ایس او پی پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج کے جوان بھی ضلعی حکومت کی مدد کیلئے موجود ہوں گے۔

لاہور میں کورونا کی صورتحال کو قابو کرنے کیلئے وینٹی لیٹرز ناکافی

دوسری جانب لاہور میں کورونا کی صورتحال کو قابو کرنے کیلئے وینٹی لیٹرز ناکافی ہو گئے،8 سرکاری اسپتالوں میں صرف 13 وینٹی لیٹرز خالی رہ گئے۔

سوا کروڑ آبادی کے شہر لاہور میں وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈز کی شدید کمی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

لاہور شہر کے 3بڑے سرکاری اسپتالوں میں کوئی وینٹی لیٹر خالی نہیں، سروسز اسپتال میں 32، گورنمنٹ نواز شریف اسپتال میں 10 اور کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں کورونا کیلئے مختص تینوں وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔

حکام کے مطابق میو اسپتال لاہور کے 84 میں سے صرف 2 وینٹی لیٹر خالی ہیں، جناح اسپتال کے 40 میں سے 36، جنرل اسپتال کے 30 میں سے 29، پی کے ایل آئی کے 8 میں سے 7، جبکہ گنگا رام اسپتال کے 20 وینٹی لیٹرز میں سے 12 پر مریض زیر علاج ہیں۔

آکسیجن بیڈز پر موجود تشویشناک حالت میں مریض وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے انتظار میں ہیں۔

lockdown

SOPS

coronavirus

Pak army

lahore

punjab

Violation