Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
Inflation March 2 2023

پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہیں سراسر غلط ہیں، اسحاق ڈار

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 4 ہفتے پہلے کے مقابلے میں ایک بلین ڈالر زیادہ ہوگئے ہیں، وزیرخزانہ
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2023 05:08pm

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونےسےمتعلق افواہیں سراسرغلط ہیں، اوراسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹ پر اپنی ٹویٹ میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف لوگ ملک کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی افواہیں سراسرغلط ہیں۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، اور زرمبادلہ کے ذخائر 4 ہفتے پہلے کے مقابلے میں ایک بلین ڈالر زیادہ ہیں، جب کہ غیر ملکی کمرشل بینکوں نے سہولیات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں، مید ہے اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے، تمام اقتصادی اشاریے آہستہ آہستہ درست سمت میں بڑھ رہے ہیں۔

عوام حکومت تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہے، عمران خان

پی ڈی ایم حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے، عمران خان
شائع 02 مارچ 2023 02:29pm

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام حکومت کی بھاری قیمت ادا کررہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں روپے کا معاشی قتل جاری ہے، اور صرف 11 ماہ میں روپے میں 62 فیصد کمی ہوئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ11 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 110 روپے گرا، اور روپے کی اس بے قدری کے باعث قرضہ 14.3 کھرب بڑھ گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مہنگائی پاکستان کی 75 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح 31.5 فیصد پر پہنچ گئی ہے، پاکستان کے عوام حکومت تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔

گھی کی فی کلو قیمت میں 115 روپے کا اضافہ

یکم جنوری 2023 کو گھی کی قیمت میں فی کلو 75 روپے اضافہ کیا گیا تھا
شائع 02 مارچ 2023 01:40pm

حکومت نے گھی کی فی کلو قیمت میں 115 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

پہلے سے مہنگائی کے ستائے شہریوں کو حکومت کی جانب سے رمضان سے قبل ایک اور تحفہ دے دیا گیا ہے، اور ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیر اعظم پیکچ کے تحت گھی فی کلو 115 روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اسٹورز پر سبسڈی والا گھی 375 سے بڑھا کر 490 روپے کردیا گیا ہے۔

ملک میں مہنگائی کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

نوٹیفکیشن کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین گھی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، اور بی آئی ایس پی کے مستحقین کیلئے گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم پیکچ کے تحت گھی کی قیمت میں 2 ماہ میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے، یکم جنوری2023 کو گھی کی قیمت میں فی کلو 75 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، اور صرف دو ماہ میں وزیر اعظم پیکچ کے تحت گھی مجموعی طور پر 190 روپے فی کلو مہنگا کیا گیا ہے۔

ملک میں مہنگائی کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

رواں برس فروری میں افراط زر کی شرح 31.5 فیصد رہی
شائع 02 مارچ 2023 12:35pm

رواں برس فروری میں افراد زر کی شرح 31 اعشاریہ 5 فیصد رہی اور ملک میں مہنگائی نے 48 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

ملک بھر میں مہنگائی عروج پر ہے، اور پاکستان میں مہنگائی کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، رواں برس آٹا، دالیں، گھی، مرغی سمیت تمام اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کے بدترین طوفان نے 48 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں 1975 میں افراط زر 29 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب کہ رواں برس فروری میں افراط زر کی شرح 31.5 فیصد رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک سال کے دوران میں آٹا 56 فیصد مہنگا ہوا، اور دالوں کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس پیاز 416 فیصد، چکن 98 فیصد، انڈے 78 فیصد، چاول 77 فیصد اور گھی 45 فیصد مہنگا ہوا۔

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق شہروں میں آٹا 55.92 فیصد، چکن 96.86 فیصد، پیاز 416.74 فیصد، چاول 77.81 فیصد، کوکنگ آئل 50.66 فیصد، خوردنی گھی 45.89، انڈے 78.73، دال مونگ 56.43 فیصد، دال چنا 55.99 اور سبزیاں 11.60، فیصد مہنگی ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں دیہاتوں میں گندم 82.33 فیصد، آٹا 48.91 فیصد، چکن 100.14 فیصد، پیاز 517.77 فیصد، چاول 74.98 فیصد، گھی 42.10 فیصد اور دال مونگ 64.18 فیصد مہنگی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہ فروری میں شہروں میں مہنگائی کی شرح میں 4.54 فیصد، اور دیہی علاقوں میں 4.01 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری مہنگائی کی شرح 26 اعشاریہ 19 فیصد ریکارڈ کی گئی، رواں مالی سال میں مجموعی طور پر تجارتی خسارے میں 33 اعشاریہ 18 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

دوسری جانب لاہور میں بھی روز مہنگائی کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے، آٹا، گھی، سبزی اور گوشت سمیت ہر شےعام آدمی کا بجٹ آؤٹ کررہی ہے، جس سے عوام اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہیں۔

شہر میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں تمام ریکارڈ توڑتی جا رہی ہیں، سبزی ہو یا دال، ہر روز ہی الگ قیمت، تنخواہ دار طبقہ تو پس گیا ہے۔ دکانوں پر سبزیاں، دالیں اور چاول لانا بھی اب آسان نہیں رہا، اور دکاندار کہتے ہیں ٹیکس اتنے لگا دئیے گئے ہیں کہ اشیاء خریدنا ہی بس سے باہر ہے۔

لاہور میں ادرک اور لہسن 640 روپے، چکن 654 روپے کلو، گھی 600 روپے کلو، کریلا 400 روپے کلو، دال مونگ 300 روپے کلو اور چاول 400 روپے کلو پر پہنچ گئے ہیں۔

صنعتوں کے لیے سستی بجلی کی سہولت ختم ، برآمدات مزید مشکلات کا شکار

ٹیکسٹائل، اسپورٹس، سرجیکل اور چمڑے کی صنعتیں سستی بجلی سے محروم
شائع 02 مارچ 2023 12:11pm
تصویر: اے یف پی/ فائل
تصویر: اے یف پی/ فائل

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر برآمدی صنعتوں کے لیے سستی بجلی کی سہولت واپس لیتے ہوئے حکومت نے زیرو ریٹڈ انڈسٹری کے لیے 19 روپے 99 پیسے فی کلو واٹ کی سہولت ختم کر دی ہے۔

وزارت توانائی کے نوٹیفکیشن کے مطابق سستی بجلی کی سہولت ٹیکسٹائل، اسپورٹس، سرجیکل اور چمڑے کی صنعتوں کو حاصل تھی، ان صنعتوں کا مطالبہ تھا کہ خطے میں مسابقت برقرار رکھنے کے لئے سستی بجلی فراہم کی جائے۔

دوسری جانب اپٹما حکام کا کہنا ہے کہ سستی بجلی کی سہولت ختم ہونے سے برآمدات متاثر ہوں گی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پہلے ہی برآمدات مشکلات کا شکار ہیں۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قلت کا خدشہ

کراچی کی تمام 92 فلور ملز مکمل طور پر بند کردی گئیں
شائع 02 مارچ 2023 11:57am

فلور ملز بند ہونے کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے فلور ملز کے خلاف کارروائیوں پر فلور ملز کی ہڑتال کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ چوہدری عامرنے اس حوالے سے بتایا ہے کہ سرکاری نرخ پر گندم دستیاب نہیں ہے، خراب اور گندم کا پورا کوٹہ ديئے بغيرسرکاری ريٹ پر آٹا فروخت کرنے کا کہا جارہا ہے، جو بلیک میلنگ ہے۔

صدر فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گندم 120 روپے میں مل رہی ہے، تو آٹا 95 روپے میں کیسے فروخت کریں، جب کہ سرکاری ریٹ پر ملنے والی گندم 10فیصد بھی نہیں مل رہی۔ ایک طرف حکومتی کوٹے کی گندم کہیں بھی دستیاب نہیں، اور دوسری جانب فلور ملز کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

صدر فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ گندم کی عدم دستیاتی اور احتجاج کے طور پر کراچی کی تمام 92 فلار ملز مکمل طور پر بند ہیں، جب کہ شام تک سندھ کی تمام 180 ملز بند ہو جائیں گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت گندم کی فراہمی یقینی بنائے یا فوری کارروائیاں بند کی جائیں۔

بجلی پر اضافی سر چارج عائد کرنے کی درخواست کی منظوری قانونی رائے سے مشروط

تھوڑی دیر کے بعد خبریں لگیں گی کہ نیپرا نے اتنا سرچارج عائد کردیا، چیئرمین نیپرا
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2023 02:14pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حکومت کی جانب سے بجلی پر اضافی سرچارج عائد کرنے کی درخواست کی منظوری قانونی رائے سے مشروط کردی۔

پاورحکام کا کہنا تھا کہ بجلی پر 43 پیسے پہلے ہی سرچارج وصول کیے جا رہے ہیں، فی یونٹ پر 3 روپے 39 پیسے مزید سرچارج عائد کرنے کی درخواست ہے، سرچارج کی وصولی مارچ سےجون 2023 تک کی جائے گی۔

نیپرا حکام نے وفاقی حکومت کی درخواست پر شدید تحفظات کا اظہارکیا۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ حکومت خود سرچارج عائد کرسکتی ہے تو نیپرا کے پاس کیوں آئی ہے؟ یہ ہمارا اختیارہے؟ پہلے اس کی وضاحت کریں۔

وزارت توانائی حکام نے بتایاکہ وفاقی حکومت جو بھی منظوری دے گی اس کی ریگولیٹر سے منظوری ضروری ہے

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے بل دیے ہیں یہ 3 روپے 39 پیسے انہی سے وصول ہوں گے، جنہوں نے بل نہیں دینے ہوتے وہ اب بھی مسکرا کر دیکھ رہے ہیں، جن چیزوں کے ہمارے پاس اختیار ہی نہیں وہ لے کر آگئے ہیں۔

توصیف ایچ فاروقی نے مزید کہا کہ سرچارج کو مسترد یا منظور نہیں کررہے، بجلی کمپنیوں کی نااہلی کا صارفین پر بوجھ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں، ہمارے پاس اس کا اختیار ہی نہیں، کب سے کہ رہے کہ پاورسیکٹر تنزلی کی طرف جا رہا ہے، مگر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا آسان حل ہے،صارفین پربوجھ ڈال دیاجائے۔

چیئرمین نیپراکا کہنا تھا کہ ابھی تھوڑی دیر کے بعد خبریں لگیں گی کہ نیپرا نے اتنا سرچارج عائد کردیا، مظلوم صارفین پر اضافی بوجھ کا الزام نیپرا پر آئے گا۔

نیپرا نے اضافی سرچارج کی منظوری قانونی رائے سے مشروط کر دی، پاور ڈویژن پہلے اس پر قانونی رائے دے پھر منظوری کا فیصلہ ہوگا۔

آئی ایم ایف سے معاہدے کی بے یقینی کا اثر ڈالر پر، مزید 18.97 روپے مہنگا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے پر ٹریڈ ہوا۔
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2023 04:16pm
تصویر: اے ایف پی/ فائل
تصویر: اے ایف پی/ فائل

پاکستان میں ڈالر ایک بار پھر قابو سے باہر ہوگیا، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 18 روپے 97 پیسے مزید بڑھ گئی۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر کا لین دین 285 روپے 8 پیسے پر بند ہوا۔

دو روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں 23 روپے 58 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے پر ٹریڈ ہوا۔

دوران کاروبار انٹربینک میں ڈالر 15 روپے 89 پیسے مہنگا ہوا اور ڈالر 282 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 61 پیسے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 266 روپے 11 پیسے پر بند ہوا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے 100 انڈیکس کی 40 ہزار 670 پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

مہنگائی 40 فیصد سے بھی بڑھ سکتی ہے، مزمل اسلم

ماہرمعاشیات مزمل اسلم نے پاکستان کی مہنگائی 40 فیصد سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل کر رہی ہے اگر آئی آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوا، تو ذمہ دار ان کو کٹہرے میں کھڑا کردینا چاہیے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ 100فیصد ہوجائے گا، ڈاکٹر شاہد حسن

ماہرمعاشیات ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ 100 فیصد ہوجائے گا، لیکن آئی ایم ایف اور امریکا چاہتے ہی نہیں ہیں کہ پاکستان معاہدے سے الگ ہو۔

مہنگائی عروج پر پہنچ گئی

ملک میں مہنگائی کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جس کے بعد ایک سال میں آٹا 56 فیصد، دالوں کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ رواں برس فروری میں افراط زر کی شرح 31.5 فیصد رہی ہے۔ پیاز416، چکن 98، انڈے 78، چاول 77، گھی 45 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی

بجلی بِلوں پر بھاری سرچارج لگانے کی منظوری

ای سی سی نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر بجلی صارفین پر3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافی سرچارج عائد کرنے کی منظوری دیدی ہے، آئندہ مالی سال کے دوران سرچارج کی مد میں 335 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔

اس قبل ہی حکام وزارت خزانہ نے تمام پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ہی 50 روپے فی لیٹر تک لیوی بھی عائد کردی تھی۔

بجلی کی قیمت میں بڑے اضافے کا امکان، اطلاق کے الیکڑک صارفین پربھی ہوگا

نیپرا میں درخواست پر سماعت آج ہوگی
شائع 02 مارچ 2023 10:04am
تصویر/ پی پی آئی
تصویر/ پی پی آئی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 14روپے 24 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے جس کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر بھی ہوگا۔

موخرادائیگیوں کی مد میں بجلی 14روپے 24 پیسے فی یونٹ اضافہ کی جائے گا جبکہ جون جولائی 2022 کے موخر بقایاجات کی وصولی کیلئے درخواست دائر کردی گئی ہے جس پر نیپرا میں سماعت آج ہوگی۔

خیال رہے کہ اضافے کا اطلاق کے الیکڑک اور زرعی صارفین پربھی ہوگا اور موخر کردہ وصولیوں مقررہ 8 مہینوں میں وصول کی جائیں گی۔