Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
Bannu CTD

آرمی چیف کا میران شاہ اور تربیلا کا دورہ، نوجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا

جنرل عاصم منیر نے بنوں آپریشن میں بہترین کارکردگی پر جوانوں کو شاباش دی، آئی ایس پی آر
شائع 23 دسمبر 2022 10:14pm
آرمی چیف کی جوانوں سے ملاقات۔ فوٹو — آئی ایس پی آر
آرمی چیف کی جوانوں سے ملاقات۔ فوٹو — آئی ایس پی آر
فوٹو — آئی ایس پی آر
فوٹو — آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے میران شاہ اور تربیلا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نوجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے میران شاہ اور تربیلا کا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے ان کا استقبال کیا، اپنے دورے پر آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ جنرل عاصم کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق سپہ سالار کو دہشتگردی کے خطرے کو ناکام بنانے، ردعمل اور طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی، دورے کے دوران آرمی چیف نے پاک، افغان سرحد پر اگلے مورچوں پر تعینات دستوں، افسران و جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی پیشہ وارانہ مہارتوں، بلند عزم اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے تربیلا میں ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کرکے ضرار کمپنی کے جوانوں سے ملاقات کی اور بنوں آپریشن میں بہترین کارکردگی پر جوانوں کو شاباش دی۔

بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ آپریشن میں ہلاک افراد کی فہرست جاری

24 افراد کی شناخت ہوگئی لیکن لاشوں کو ورثاء کے حوالے نہیں کیا جارہا، ذرائع
شائع 23 دسمبر 2022 12:03am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

گزشتہ روز بنوں میں انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کمپاؤنڈ آفس آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی فہرست آج نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

ملنے والی معلومات کے مطابق 24 افراد کی شناخت ہوگئی ہے لیکن ابھی تک لاشوں کو ورثاء کے حوالے نہیں کیا جا رہا۔

دستیاب معلومات کے مطابق آپریشن میں جاں بحق ہونے والوں میں کمانڈر ابراہیم عرف ضرار ولد ظاہر شاہ (مٹھا خیل بنوں)، سلمان عرف اسد عرف غالب ولد سلطان (مٹھا خیل بنوں)، عالم زیب عرف حقیار (داود خیل ککی بنوں) شامل ہیں۔

طاہر عرف درویش ولد فرہاد مٹھا خیل بنوں، قیوم عرف بدری غورہ (بکا خیل بنوں)، امان اللہ عرف مخلص (غورہ بکا خیل) سمیت مش دین (میر علی شمالی وزیرستان)، نور محمد (اسپن وام شمالی وزیرستان) بھی فہرست میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ عزیز الرحمن (خدری محمد خیل)، شبیل احمد (بنوں)، مصطفی ولد سلمان (دیپا کلی بنوں)، ابو بکر ولد عمر زمان بایزید (مچن خیل بنوں)، جنید (ممہ خیل سرائے نورنگ)، صاحبزادہ عرف محمد (دبک خیل ڈومیل بنوں) بھی ہلاک دہشتگردوں میں شامل ہیں۔

معلومات کے مطابق زاہد ولد سردار خان (لنڈی واہ لکی مروت)، صابر سکنہ (ککی بنوں)، عدنان (تترخیل بنوں)، جنید عرف ڈبل وزیر(آدم زئی سرائے نورنگ لکی مروت)، فاروق (دوسلی شمالی وزیرستان)، اکبر عرف بمبار(میرعلی شمالی وزیرستان) آپریشن میں مارے گئے۔

محمد منیر سکنہ تترخیل بنوں، محمد عارف عرف ہیٹی (نصرخیل سرائے نورنگ لکی مروت)، دلاور ولد فضل الرحمن (سرائے نورنگ لکی مروت)، اور شادمان ولد معراج (خدری محمد خیل بنوں) بھی ہلاک ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بنوں کنٹونمنٹ گیٹ کے سامنے واقع سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں یرغمالیوں کو بچانے کے لئے سکیورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کیا۔

دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے متعدد افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا جب کہ پاک فوج نے دو دن میں متعدد دہشتگردوں کو ہلاک اور گرفتار کرکے آپریشن مکمل کیا۔

وزیراعظم کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، بنوں آپریشن میں زخمی اہلکاروں کی عیادت

ہم ہر طرح کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پُر عزم ہیں، شہباز شریف
شائع 22 دسمبر 2022 06:46pm
وزیراعظم شہباز شریف سی ایم ایچ راولپنڈی میں آرمی چیف کے ہمراہ جوان کی عیادت کر رہے ہیں۔ فوٹو — آئی ایس پی آر
وزیراعظم شہباز شریف سی ایم ایچ راولپنڈی میں آرمی چیف کے ہمراہ جوان کی عیادت کر رہے ہیں۔ فوٹو — آئی ایس پی آر

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی اک دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم نے بنوں آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کی سی ایم ایچ راولپنڈی میں عیادت کی اور افسروں وج وانوں کی جرات اور بہادری کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پُر عزم ہیں، دہشت گردوں اور حامیوں کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ توڑیں گے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پُر امن اور مستحکم ماحول کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے اور مشکل سے حاصل کیے گئے امن کو خراب نہیں کرنے دیں گے۔

بنوں آپریشن میں 3 کمانڈوز، 4 یرغمالی شہید ہوئے، خواجہ آصف

11 زخمیوں میں دو افسران بھی شامل ہیں، وزیر دفاع
شائع 22 دسمبر 2022 06:14pm
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف۔ فوٹو — فائل
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران تین کمانڈوز اور 4 یرغمالی شہید ہوئے۔

ایک ٹویٹ میں خواجہ آصف نے لکھا کہ بنوں میں اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے زخمیوں میں ایک اور جوان نے شہادت کا زوال رتبہ حاصل کیا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں ایس ایس جی کی 3 اور یرغمالی کی 4 شہادتیں ہوئیں جب کہ 11 زخمیوں میں دو افسران بھی شامل ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران 19 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 12 دہشت گردوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بنوں کنٹونمنٹ گیٹ کے سامنے واقع سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں یرغمالیوں کو بچانے کے لئے سکیورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کیا۔

دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے متعدد افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا جب کہ پاک فوج نے دو دن میں متعدد دہشتگردوں کو ہلاک اور گرفتار کرکے آپریشن مکمل کیا۔

بعد ازاں بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر حملے کے واقعے کے بعد کینٹ کی جانب سے تمام راستوں کو کھول دیا گیا ہے۔

میرانشاہ روڈ پر معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں ہیں جب کہ موبائل سروس تھوڑی دیر میں بحال ہونے کا امکان ہے۔

آپریشن کے بعد بنوں کینٹ نے تمام راستوں کو کھول دیا

میرنشاہ روڈ پر معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں بحال
شائع 22 دسمبر 2022 01:52pm
تصویر/ روئٹرز
تصویر/ روئٹرز

بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر حملے کے واقعے کے بعد کینٹ کی جانب سے تمام راستوں کو کھول دیا گیا ہے۔

میرانشاہ روڈ پر معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں ہیں جبکہ موبائل سروس تھوڑی دیر میں بحال ہونے کا امکان ہے۔

اس سے قبل میرانشاہ روڈ پر پولیس کی جانب سے سخت ناکہ بندی کی گئی تھی جبکہ کینٹ کے اطراف کےعلاقے بھی سیل تھے۔

عسکری حکام کے مطابق بنوں کنٹونمنٹ گیٹ کے سامنے واقع سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں یرغمالیوں کو بچانے کیلئے آپریشن کیا۔

دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے متعدد افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا جبکہ پاک فوج نے آپریشن مکمل کرکے 25 دہشتگردوں کو ہلاک اور 7 گرفتار کرلیا۔

وزیر خارجہ کی بنوں میں دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کی کارروائی کی تعریف

شہید سعید، بابر خورشید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بلاول بھٹو
شائع 21 دسمبر 2022 08:09pm
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو — فائل
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو — فائل

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کی کارروائی کو سراہا۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک افواج کا بنوں میں دہشتگردوں کا صفایا قابل تحسین ہے، سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ملک اور قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے۔

بلاول بھٹو نے بنوں آپریشن میں زخمی جوانوں کی صحتیابی کے لئے دُعا کی۔ انہوں نے کہ شہید سعید، بابر خورشید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

واضح رہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں دوسرے روز بھی آپریشن جاری رہنے کے بعد اب آپریشن مکمل طور پر ختم کیا جا چکا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن آج بھی جاری رہا، عسکریت پسند چوتھے روز بھی سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر قابض رہے، اس دوران دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی رہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد مارے گئے، 3 دہشت گرد گرفتار کیے گئے جبکہ 7 نے ہتھیار ڈال دیے۔

ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، وزیراعظم

دہشت گردی کا مسئلہ قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے، شہباز شریف
شائع 21 دسمبر 2022 09:43am
فوٹو۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی۔

وزیراعظم نے بنوں اوردیگردہشت گردوں کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مزموم کوشش سختی سے کچل دیں گے، دہشت گردی کا مسئلہ قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے، اجتماعی سوچ اورلا ئحہ عمل کی ضرورت ہے ۔

شہبا زشریف نے کہا ہے کہ ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی،دہشت گردوں کے ساتھ آئین اورقانون کے مطابق نمٹا جائے گا ،وفاقی حکومت دہشت گردوں کی بیرونی سہولت کاری اورپناہ گاہوں کا سدباب بھی کرے گی، پوری قوم اپنی شیر دلیر افواج کے شانہ بہ شانہ دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افواج کے جذبے اورعزم کوخراج تحسین پیش کرتے ہوے زخمیوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کے افسروں اورجوانوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے ،ردا لفساداور ضرب عضب دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات تھے ،امن و امان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں کی ہے لیکن وفاق ان سنگین مسائل پرآنکھیں بند نہیں کرسکتا ،دہشت گردی کے مقابلے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

امریکا کا پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

وزیرخارجہ بلاول بھٹو اور امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے درمیان رابطہ
شائع 21 دسمبر 2022 09:28am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آج نیوز

امریکا نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری اور امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں امریکی وزیرجارجہ انٹونی بلنکن نے لکھا کہ پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے مسلسل مدد کی حمایت کرتے ہیں، اگلے ماہ ایک نتیجہ خیز موسمیاتی کانفرنس کے لئے پراُمید ہوں۔

امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد انہ حملوں میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیب بھی کی۔

بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں آپریشن مکمل، 25 دہشتگرد ہلاک، 7 گرفتار اور 3 زخمی

بنوں میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد مارے گئے، ترجمان پاک فوج
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2022 07:53pm
فوٹو۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔ اے ایف پی

بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں دوسرے روز بھی آپریشن جاری رہنے کے بعد اب آپریشن مکمل طور پر ختم کیا جا چکا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن آج بھی جاری رہا، عسکریت پسند چوتھے روز بھی سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر قابض رہے، اس دوران دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی رہیں۔

علاقے میں دن بھر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند رہی۔ جس کے باعث حقیقی صورتِ حال جاننے میں دشواری کا سامنا رہا۔

تاہم اب اطلاعات کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاء انصاری نے پشاور ہائیکورٹ میں تصدیق کی ہے کہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ آُریشن مکمل کیا جاچکا ہے۔

اس سے قبل پاک فوج کی جانب سے آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بنوں میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی عمارت میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد مارے گئے، 3 دہشت گرد گرفتار کیے گئے جبکہ 7 نے ہتھیار ڈال دیے۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ میں سیکیورٹی فورسزنے خفیہ معلومات پرآپریشن کیا جس کے دوران 25 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد افغانستان فرار کا راستہ مانگ رہے تھے جسے مسترد کردیا گیا۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر باہر سے کوئی حملہ نہیں کیا گیا۔ آپریشن میں 2 سپاہی شہید جبکہ 3 افسران سمیت 10 جوان زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہیں اور شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔

جیونیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے میجرجنرل احمد شریف نے بتایا کہ 18 دسمبر 2022 کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیرتفتیش 35 دہشت گردوں میں سے ایک نےسی ٹی ڈی کے جوان کو قابو کرکےاس کا ہتھیار چھینا اور اپنے دیگرساتھیوں کو آزاد کروالیا۔ دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کمپلیکس میں موجود مال خانے میں ضبط شدہ ہتھیاروں کوقابو میں لیا اور فائرنگ کرکے سی ٹی ڈی کے ایک سپاہی کو شہید کردیا جبکہ دوسرازخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق تفتیش کے لئے سی ٹی ڈی میں موجود سیکیورٹی فورسز کے جے سی او ایس ایم خورشید کو یرغمال بنا لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہی سیکیورٹی فورسز نے وہاں پہنچ کرکمپلیکس کا محاصرہ کرلیا، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 3 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے، اس دوران سیکیورٹی فورسز کے 2جوان بھی زخمی ہوئے، وہاں موجود فورس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور دہشت گردوں کےفرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

میجرجنرل احمد شریف نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹے میں بھرپورکوشش کی گئی کہ افغانستان جانے کیلئے محفوظ راستہ مانگنے والے دہشتگرد بلامشروط سرنڈر کردیں، ان کا مطالبہ مکمل طورپررد کیا گیا۔ پوری کارروائی میں یرغمال بنائے جانے والے صوبیدارمیجرخورشید اکرم بھی بڑی بہادری سے لڑے اور شہادت کا مرتبہ حاصل کیا، ان کے ساتھ سپاہی سعید اور سپاہی بابر بھی اپنے وطن پرقربان ہوئے۔دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز کے تین افسران سمیت 10 جوان زخمی بھی ہوئے، یہ جو آپریشن ہے، یہ افواج پاکستان کی ہمت، دلیری، عزم اور دہشتگردی کے خاتمے کیخلاف ہماری جنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ،’میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی رٹ قائم کرنے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔

پاکستان میں پھر سے منظم ہونے والے گروہوں یا پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کو استعمال کرنے والوں سے متعلق سوال پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ، ’میں آپ کے توسط سے یہ بات بتانا چاہوں گا کہ جیسے آپ نے کہا کہ یہ عظیم قربانیوں کا ایک بڑا پرانا سلسلہ ہے، جو افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف دے رہے ہیں ، ہمارا عزم اس پر مکمل قائم ہے، دہشت گردی کی تازہ ہوا نظر آتی ہے کہ یہ چل رہی ہے، جو بھی ہمارے خلاف آئے گا اسے ہم سر سے کچلنے کی پوری ہمت اور ارادہ رکھتے ہیں۔

گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران بنوں میں سی ٹی ڈی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کلیئر کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بنوں میں اُس وقت 33 دہشت گرد گرفتار تھے، ان میں سے ایک دہشت گرد بیت الخلا کی طرف جارہا تھا تو ایک اہلکار کے سر پر اینٹ مار کر اس سے اسلحہ چھین لیا، اس کے بعد انہوں نے عملے کو یرغمال بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 دسمبر کو ساڑھے 12 بجے ایس ایس جی نے یہ آپریشن شروع کیا، اس آپریشن میں تمام دہشت گرد مارے گئے اور آج ڈھائی بجے سی ٹی ڈی کا سارا کمپاؤنڈ کلیئر کر دیا گیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا تھا کہ کارروائی میں شامل ایک افسر سمیت ایس ایس جی کے 10 سے 15 جوان زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے اور تمام یرغمالیوں کو چھڑوا لیا گیا ہے۔

افغانستان ثابت کرے وہ ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے، بلاول

بنوں جیسے واقعات الارمنگ ہیں، وزیر خارجہ کی اٹلاٹنگ کونسل میں گفتگو
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2022 02:12pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ افغانستان کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ٹی ٹی پی اور اپنی سرزمین پر سرگرم دیگر گروپوں کیخلاف کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بنوں جیسے واقعات الارمنگ ہیں، پاکستان خطے میں دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے۔

واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل کےمباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، پاکستان اور امریکا مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، امن کے لئے امریکا کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان میں اپنے ہمسایوں کو بتانا ہوگا کہ انہیں یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ٹی ٹی پی اور وہاں متحرک دیگر گروپوں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔

بلاول نے کہاکہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد خارجہ پالیسی کو اہمیت دی، صحت اور دیگرشعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں، کورونا کے باعث معیشت کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان تحفظ خوراک کے لئے ٹھوس اقدامات کررہا ہے، پاکستانی بڑی تعداد میں امریکا میں کاروبار کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے میں تباہی ہوئی، سیلاب کے باعث تیار فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جون سے ستمبر تک پاکستان میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، پاکستان میں 33 ملین افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، متاثرین کی بحالی کے لئے تعاون کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئندہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر کام کررہے ہیں، سیکرٹری جنرل یواین کی امداد کی اپیل پر مشکور ہوں، موسمیاتی تبدیلی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، سنجیدہ اقدامات اور باہمی تعاون سے مسائل کا حل ممکن ہے۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ امریکا، یورپ اور دیگر خطوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، موجودہ حکومت معاشی اصلاحات کررہی ہے، پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے۔

چمن بارڈر کشیدگی: مذاکرات کے بعد پھر دونوں ملکوں کے رابطے بحال

افغانستان کے اعلی حکام سے ملاقات کے بعد رابطے بحال ہوئے
شائع 20 دسمبر 2022 01:22pm
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

چمن پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے قبائلی سطح پر16رکنی کمیٹی بنائی گئی، جس میں علماء اکرام، قبائلی عمائدین اور تاجر شامل تھے۔

افغانستان کے اعلی حکام سے ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے رابطے دوبارہ بحال کردیے ۔

16رکنی کمیٹی میں شامل رکن عطاء اللہ خان نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو قبائلی سطح پر بھی حل ہونا چاہیئے۔

حاجی شکورخان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ علاقے میں خوف وہراس ہوں، کاروبار اور رشتے خراب ہوجائے۔

افغانستان میں چمن کی مصحالتی کمیٹی نے افغانستان کے اعلیٰ احکام سے کامیاب مذکرات کیے اور مشترکہ طور پر پیغام دیا کہ کبھی بھی تیسری قوت کو پاکستا ن اور افغانستان کے اچھے تعلقات کو خراب کرنے نہیں دیں گے ، ہم بھائی ہیں غلط فہمیوں کو مذاکرات کےذریعے دور کریں گے۔

بنوں: سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کو چھڑانے کیلئے آپریشن مکمل، 10 دہشتگرد ہلاک 3 گرفتار

بنوں کینٹ فائرنگ اور بم دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022 04:36pm
Operation to clear Bannu CTD centre completed: reports | Aaj News

عسکری حکام کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے اسپیشل آپریشنز اینٹی ٹیررازم یونٹ (اے ٹی یو)، ضرار کمپنی نے بنوں کنٹونمنٹ گیٹ کے سامنے واقع سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں یرغمالیوں کو بچانے کیلئے آپریشن کیا، جہاں گزشتہ دو دنوں سے دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے متعدد پاکستانیوں کو یرغمال بنا رکھا تھا۔

اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دن 12 بج کر 25 منٹ پر آپریشن شروع کیا، انہوں نے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ عمارت کے گیٹ کو توڑا اور اندر داخل ہوئے۔

اس کے بعد پہلے سے پلان شدہ آپریشن شروع ہوا، جس کے آغاز میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوتے ہی ایک یرغمالی کے علاوہ باقی سب کمپاؤنڈ سے باہر بھاگے اور کمپاؤنڈ کے پچھلے دروازے سے باہر نکل گئے۔

ضرار اے ٹی یو نے 20 منٹ میں 12 بج کر 45 منٹ پر آپریشن ختم کیا۔

آپریشن کے اختتام تک دس دہشت گردوں کو کامیابی سے ختم کر دیا گیا، پاکستانی فورسز کی جانب سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق مزید تین دہشت گردوں کو کامیابی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران ایس ایس جی کے پانچ اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں مستحکم حالت میں ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

زخمیوں میں آپریشن کی قیادت کرنے والے افسر میجر عابد زمان بھی شامل ہیں جن کا تعلق ضرار کمپنی سپیشل سروس گروپ سے ہے۔

انسداد دہشت گردی کے کامیاب آپریشن میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے مینڈ اور ڈرون یونٹس نے تعاون کیا۔

آپریشن شروع ہونے کے بعد بنوں کینٹ فائرنگ اور بم دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں واقعہ: سی ٹی ڈی میں 33 دہشتگرد قید تھے

آپریشن میں ہلاکتوں کے خدشے کے باعث ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بنوں: ہنگامی حالات کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

تمام اسٹاف کو ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
شائع 20 دسمبر 2022 12:25pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنوں میں موجودہ ہنگامی حالت کے پیش نظر شہر کے تینوں میڈیکل ٹیچنگ اسنٹی ٹیوشن (ایم ٹی آئی) ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ایم ٹی آئی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں تمام کیڈرز، سٹاف، ملازمین کی ڈیوٹیاں اور موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان ایم ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں تمام سٹاف ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

نوٹی فکیشن میں شہریوں سے ایمرجنسی پیش آنے کی صورت میں ہسپتال انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

دہشت گردی نے سنتری کے سر پر اینٹ ماری، اسلحہ قبضے میں لے لیا، وزیر دفاع

سی ٹی ڈی آفس میں 33 کے قریب دہشت گرد قید تھے
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022 01:41pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پر دہشت گردوں کے قبضے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ سی ٹی ڈی آفس میں 33 کے قریب دہشت گرد قید تھے، جس کا تعلق مختلف جماعتوں سے ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیردفاع نے بتایا کہ ایک دہشت گرد نے بیت الخلاء جاتے سنتری کے سر پر اینٹ ماری، سنتری شہید ہوا تو دہشت گرد نے اس کا اسلحہ قبضے میں کرلیا اور باقی دہشتگردوں کو بھی رہا کرا لیا، جس کے بعد تمام نے مل کر عمارت پر قبضہ کرلیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پوری حکومت زمان پارک میں بیٹھی ہے اور صوبے میں کوئی والی وارث نہیں ہے، سی ٹی ڈی کے بجائے فوج نے معاملات ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے بنوں میں مشتبہ دہشت گردوں نے انسداد دہشت گردی کے ایک مرکز پر قبضہ کرتے ہوئے سرکاری حکام سے مذاکرات کے لیے انہیں یرغمال بنا لیا ہے۔

بنوں پولیس کے حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ عسکریت پسند ہمسایہ ملک افغانستان میں محفوظ راستے کے لیے مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ ایک کے مطابق، ’تقریباً 15 حملہ آوروں نے اتفتیش کاروں پر قابو پانے ،ہتھیاروں کو قبضے میں لینے اور ان میں سے 5 یا6 کو یرغمال بنانے کے بعد مرکز کا کنٹرول سنبھال لیا‘۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بھی پیر کی صبح جاری بیان میں سی ٹی ڈی مرکزپر قبضے کی تصدیق کردی ہے۔

بنوں واقعہ: فی الحال کوئی حل نہیں دکھائی دے رہا، ترجمان خیبرپختونخواحکومت

حکام کا حملہ آوروں کی شرائط ماننے سے انکار
شائع 20 دسمبر 2022 10:22am
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹرمحمد علی سیف
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹرمحمد علی سیف

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹرمحمد علی سیف نے بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے آفس پردہشت گردوں کے قبضے سے متعلق تازہ صورتحال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ، ’اس حوالے سے فی الحال کوئی حل دکھائی نہیں دے رہا۔‘

بیرسٹرسیف کے مطابق وہ پاک فوج اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان ثالث کا کردارادا کررہے ہیں اور تمام رات مذاکرات میں مصروف رہے تاہم فی الحال کوئی حل دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کوانٹرویومیں بنوں کی تازہ صورتحال بتانے والے بیرسٹر سیف کے مطابق ، ’ایک فریق محفوظ راستہ چاہتا ہے اور دوسرا انہیں راستہ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ بنوں کینٹ میں موجود فوجی حکام حالات کو دیکھ رہے ہیں تاہم اصل فیصلہ اعلیٰ حکام کریں گے۔

اپنے انٹرویومیں بیرسٹر سیف نے ایسی خبروں کی بھی تردید کی جن میں کہا جارہا ہے کہ 4 دہشتگردوں نے بنوں میں فوجی چھاؤنی میں داخل ہو کر سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا اور وہاں موجود پولیس اہلکار کو قتل کرنے کے بعد فوج کے ساتھ جھڑپ میں ایک کپتان اوردو سپاہیوں کو زخمی کیا جس کے بعدفوجی اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کو یرغمال بنایا گیا۔

اس سے قبل ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ بنوں کینٹ میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔عوام پریشان نہ ہوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

انہوں نے کہا کہ ، ’سی ٹی ڈی مرکز بنوں پر باہر سے کوئی حملہ نہیں ہوا۔ زیرحراست دہشتگردوں نے ہتھیارچھین کر چند پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا۔ حکومت دہشتگردوں کی کوئی ڈیمانڈ پوری نہیں کرے گی۔‘

بیرسٹرسیف نے حملہ آوروں کو متنبہ کیا کہ بہتر ہے ہتھیار پھینک دیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے بنوں میں مشتبہ دہشت گردوں نے انسداد دہشت گردی کے ایک مرکز پر قبضہ کرتے ہوئے سرکاری حکام سے مذاکرات کے لیے انہیں یرغمال بنا لیا ہے۔

بنوں پولیس کے ترجمان محمد نصیب نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ’یہ واضح نہیں ہے کہ آیا دہشت گردوں نے باہر سے حملہ کیا یا انہوں نے اندر موجود عملے سے گولہ بارود چھینا ہے‘۔ محمد نصیب کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دو دیگرعہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ عسکریت پسند ہمسایہ ملک افغانستان میں محفوظ راستے کے لیے مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ ایک کے مطابق، ’ تقریبا 15 حملہ آوروں نے اتفتیش کاروں پر قابو پانے ،ہتھیاروں کو قبضے میں لینے اور ان میں سے 5 یا6 کو یرغمال بنانے کے بعد مرکز کا کنٹرول سنبھال لیا’۔

بعد ازاں حملہ آوروں کی جانب سے تفتیش کاروں کو یرغمال بنائے جانے کی ویڈیو سامنے آئی۔

وائرل ویڈیو کلپ میں مبینہ حملہ آوروں نے خورشید اکرم نامی اہلکار پربندوق تان رکھی ہے اور افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ویڈیومیں بتایا جارہا ہے کہ وہ 35 قیدی ہیں جو جیل میں بند تھے اور ان کے قبضے میں خورشید اکرم سمیت 8 اور اہلکار بھی ہیں۔افغانستان جانے کے لیے فضائی راستے کی فراہمی کی صورت میں انہیں بحفاظت رہا کردیاجائے گا۔ حملہ آوروں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے 35 زیرحراست ساتھی آزاد ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بھی پیر کی صبح جاری بیان میں کہا ہے کہ بنوں جیل میں قیدیوں نے کئی فوجی افسران اورعملے کو یرغمال بنا رکھا ہے اور انکی بھرپورکوشش رہی ہے کہ انہیں محفوظ راستہ دیا جائے۔

بیان کے مطابق ، ’ کئی سال خفیہ عقوبت خانوں میں رہنے کے باعث قیدیوں صورت حال کا پوری طرح اندازہ نہیں ہے، اس لیے انہوں نے افغانستان کا ذکر کیا ہے۔ گزشتہ راتحکومتی ذمہ داران سے بات ہوچکی ہے کہ انہیں شمالی یا جنوبی وزیرستان منتقل کیا جائے تاہم ابھی تک انہوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔’

واقعے کے بعد بنوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کرتے ہوئے شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ کینٹ کی طرف آنے والے تمام راستے سیل کر دیے ہیں۔جگہ جگہ پولیس کی ناکہ بندی ہے جبکہ بنوں میرانشاہ روڈ ، جمعہ خان روڈ بند ہیں۔

ڈپٹی کمشنرکی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں آج تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

بنوں واقعہ: امریکا کی پاکستان کوکالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف مدد کی پیشکش

'پاکستان اور بھارت کے درمیان لفظی جنگ نہیں چاہتے'
شائع 20 دسمبر 2022 09:28am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

امریکا نے پاکستان کوکالعدم تحریک طالبان پاکستان کیخلاف جنگ میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنوں میں صورتحال سے واقف ہیں،حملہ آوروں پرزوردیتے ہیں کہ قبضہ ختم کردیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوزبریفنگ میں کہا کہ پاکستان امریکا کا اسٹریٹیجک پارٹنرہے اوردہشتگردی کو شکست دینا دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد ہے۔ شدت پسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے پاکستان کی مدد کوتیارہیں۔

نیڈ پرائس نے بنوں کے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں دہشتگردوں کے حملے میں زخمی افراد کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں پرقبضہ ختم کرنے کیلئے زوردیتے ہیں کہ پُرتشدد کارروائیاں بند کریں اوریرغمالیوں کو رہا کریں۔

امریکا نے پاکستان اور بھارت کو بھی اختلافات دورکرنے میں مدد کی پیشکش کے ساتھ کہا کہ دونوں عالمی شراکت دارہیں اورامریکا ان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ان کے درمیان مثبت ڈائیلاگ دیکھناچاہتا ہے۔

نیڈپرائس کی یہ نیوزبریفنگ وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے واشنگٹن پہنچنے کے چند گھنٹے بعد تھی جس میں گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان لفظی جنگ کے تناظرمیں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پربھارت اور پاکستان کومل کر بات کرنی ہوگی لیکن اگرامریکا سے کہا گیا تو تعاون فراہم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان کے اندردہشتگرد تنظیموں اور پاک افغان سرحد پر دہشتگردی کے خلاف کارروائی سمیت مشترکہ مفادات میں پاکستان کا شراکت دارہے۔ ہماری پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ ہی مضبوط شراکت داری ہے اس لیے انہیں مل کربات کرنی ہوگی ، ہم لفظی جنگ نہیں چاہتے۔

بنوں : دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی عمارت پرقبضہ کرلیا، بحفاظت افغانستان منتقلی کا مطالبہ

ترجمان وزیراعلیٰ بیرسٹر سیف نے حملے کی تردید کردی
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2022 12:19pm
پاک فوج کے سپاہی مینگورہ میں گشت کر رہے ہیں - تصویر: اے ایف پی/ فائل
پاک فوج کے سپاہی مینگورہ میں گشت کر رہے ہیں - تصویر: اے ایف پی/ فائل

بنوں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے آفس پر دہشت گردوں کے قبضے کو 20 گھنٹے گزرجانے کے باوجود آپریشن کلین اپ کی سگنل نہیں ملے ۔ حملہ آوروں کے ساتھ مذکرات جاری ہیں ۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پورے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے ۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے کی اطلاع ہے جن میں سے ایک کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی ہے جبکہ ایک آرمی کیپٹن سمیت سکیورٹی کے 3 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں ۔

کمپاؤنڈ پر قابض دہشت گرد افغانستان تک باحفاظت پرامن فضائی راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے بنوں میں مشتبہ دہشت گردوں نے انسداد دہشت گردی کے ایک مرکز پر قبضہ کرتے ہوئے سرکاری حکام سے مذاکرات کے لیے انہیں یرغمال بنا لیا ہے۔

بنوں پولیس کے ترجمان محمد نصیب نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’یہ واضح نہیں ہے کہ آیا دہشت گردوں نے باہر سے حملہ کیا یا انہوں نے اندر موجود عملے سے گولہ بارود چھینا ہے‘۔ محمد نصیب کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دو دیگرعہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عسکریت پسند ہمسایہ ملک افغانستان میں محفوظ راستے کے لیے مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ ایک کے مطابق، ’ تقریبا 15 حملہ آوروں نے اتفتیش کاروں پر قابو پانے ،ہتھیاروں کو قبضے میں لینے اور ان میں سے 5 یا6 کو یرغمال بنانے کے بعد مرکز کا کنٹرول سنبھال لیا۔’

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کے دفتر میں کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ دہشت گردوں سے تفتیش کا سلسلہ جاری تھا کہ اچانک مبینہ دہشگرد نے تفتیشی اہلکار کا پستول چھین کر اسے یرغمال بنا لیا جس کے بعد اس نے وہاں کی جیل میں بند اپنے ساتھیوں کو چھڑا سی ٹی ڈی آفس میں موجود اسلحہ اپنے قبضے میں لے لیا اورسی ٹی ڈی آفس کے عملے کو بھی یرغمال بنا لیا ۔

بعد ازاں حملہ آوروں کی جانب سے تفتیش کاروں کو یرغمال بنائے جانے کی ویڈیو سامنے آئی۔

وائرل ویڈیو کلپ میں مبینہ حملہ آوروں نے خورشید اکرم نامی اہلکار پربندوق تان رکھی ہے اور افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ویڈیومیں بتایا جارہا ہے کہ وہ 35 قیدی ہیں جو جیل میں بند تھے اور ان کے قبضے میں خورشید اکرم سمیت 8 اور اہلکار بھی ہیں۔افغانستان جانے کے لیے فضائی راستے کی فراہمی کی صورت میں انہیں بحفاظت رہا کردیاجائے گا۔ حملہ آوروں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے 35 زیرحراست ساتھی آزاد ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے بنوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کرتے ہوئے شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ کینٹ کی طرف آنے والے تمام راستے سیل کر دیے ہیں۔

جگہ جگہ پولیس کی ناکہ بندی ہے جبکہ بنوں میرانشاہ روڈ ، جمعہ خان روڈ بند ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کو بھی الرٹ کرتے ہوئے 1122 کی بارہ ایمبولنس کنٹونمنٹ میں پہنچا دی گئی ہیں۔

بنوں کینٹ کے اندر تمام دفاتر اور سکولوں کے لئے آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور عدالتیں بھی بند ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹرمحمدعلی سیف نے اپنی ٹویٹ میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن بنوں پرحملے کی تردید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے حملہ نہیں کیا ہے، اسٹیشن میں کچھ ملزم دہشت گردی کے شبے میں زیرحراست میں تھے جنہوں نے اسٹیشن میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں سے اسلحہ چھیننےکی کو شش کی۔

بیرسٹر سیف کے مطابق ، ’حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہے۔‘

متعدد صارفین کی جانب سے کی جانے والی متضاد ٹویٹس میں بھی کئی طرح کے دعوے کیے جارہے ہیں۔

سربراہ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا ایمل ولی خان نے بھی اس حوالے سے کی جانے والی ٹویٹ میں لکھا کہ ، ’اس وقت بنوں میں جو حالات بنے ہوئے ہیں اسکے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے پارلیمان کو یرغمال بنا کر دہشتگردوں سے جرگے کئے اور ان جرگوں کے نتیجے میں دہشتگرد واپس آگئے۔‘

اطلاعات ہیں کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے آپریشن میں ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔

اس سے قبل لکی مروت کے تھانہ برگی پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس ترجمان شاہد خان کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے پر ہینڈ گرینڈ اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا، اس دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے تقریبا 45 منٹ تک عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔