Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
02 Dhul-Qadah 1446  

ابھینندن یاد ہوگا، پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے، خواجہ آصف

بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا، بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ہمیں دے، اسحاق ڈار
اپ ڈیٹ 24 اپريل 2025 12:09am

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے، فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ابھینندن کی شکل میں دیا گیا جواب بھارت کو یاد ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کیا جاسکتا، ناممکن ہے بھارت یکطرفہ طور پر یہ معاہدہ معطل کرے، ان دریاؤں کا پانی پاکستان کا حق ہے، بھارت نہیں روک سکتا، 25 کروڑ پاکستانی سبز ہلالی پرچم کے نیچے کھڑے ہیں۔

خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ کلبھوشن جیسا ایک اور بندہ پاکستان نے ایران افغان سرحد پر پکڑا ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے، جو کچھ جعفر ایکسپریس واقعے میں ہوا سب کو پتا ہےعلیحدگی پسندوں کو بھارت نے پناہ دی ہے، بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارت میں جاکر علاج کراتے ہیں، ٹی ٹی پی کی دہشت گردی کے تانے بانے بھی بھارت کےساتھ ملتے ہیں، اس کے کئی ثبوت ہیں۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پہلگام واقعے پر دوسروں پر الزام دھرنے کے بجائے خود احتسابی کرے۔ تفتیش کر کے ذمہ داروں کو تلاش کرے، پاکستان پر الزام لگانا نامناسب بات ہے۔ یہ امکان بھی ہےکہ پہلگام حملہ خود بھارت کا ”فالس فلیگ آپریشن“ ہو۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھارت سے بھی تو پوچھے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں تو وہاں کئی عشروں سے موجود سات لاکھ فوج کر کیا رہی ہے؟

خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، پاکستان دہائی سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، جو دہشت گردی کا شکار ہیں وہ کیسے دہشت گردی کو فروغ دیں گے، پاکستان کی افواج ہر جگہ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں بھی اگر دہشت گردی ہو تو خلوص کے ساتھ مذمت کریں گے لیکن ہمیں اپنے دفاع کے لیے تمام تراقدامات کا حق ہے، ہم اپنی سرزمین کا دفاع کریں گے۔

وزیر دفاع نے سندھ طاس معاہدے کی شقیں بتا دیں

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یہ متعلقہ شقیں ہیں۔ ان شقوں کی کسی تشریح کی ضرورت نہیں۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاۂدے میں ترمیم اور نئی شقوں کو ڈالنے کا طریقہ کار درج ہے۔ بھارت کیا کرسکتا ہے اور کیا نہیں کرسکتاہے، وہ وضاحت کے ساتھ درج ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسی طریقہ کار کا پاکستان بھی پابند ہے۔ بھارت کئی سال سے مختلف حیلوں بہانوں سے اس معاہدے سے منحرف کی کوشش میں ہے۔ اس دہشت گردی کے افسوس ناک واقعہ کو صرف اور صرف اپنی ایک پرانی خواہش کی تکمیل کے لئے استعمال کر رہا ہے۔

بھارت نے انتہائی غیر مناسب رد عمل دیا ہے، اسحاق ڈار

دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے انتہائی غیر مناسب رد عمل دیا ہے، بھارت کی اپروج غیرسنجیدہ ہے، سندھ طاس معاہدے پر کافی عرصہ سے مسائل چل رہے ہیں، ورلڈ بینک بھی اس معاملے میں شریک ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا، بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ہمیں دے دنیا کے سامنے لائے لیکن محض مفروضوں پر ایکشن لینا ناقابل قبول ہے۔ پی فائیو کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھائیں گے، ایسا جواب دیں گے جس کی توقع ایک غیور قوم سے کی جاتی ہے۔

خیال رہےکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کو بہانہ بنا کر پاکستان سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد بھارت نے پاکستانیوں کو سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

PMLN

Ishaq Dar

Indian occupied Kashmir

اسلام آباد

Khawaja Asif

Khuwaja Asif

Indian Media Propaganda

Pahalgam Indian occupied Kashmir

pahalgam attack

Indian lie