6.2 شدت کے زلزلے نے ترکی کو لرزا دیا
ترکی کے شمال مغربی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 49 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی۔
یورومیڈیٹرین سسمولوجیکل سینٹر (EMSC) کے مطابق زلزلہ مرمرہ کے اندرونی سمندر میں، استنبول کے نواحی علاقے سیلیوری کے قریب آیا۔
زلزلے کے جھٹکے استنبول سمیت قریبی صوبوں میں بھی شدت سے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کئی افراد گھبرا کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ زلزلے سے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے تمام متعلقہ سرکاری اداروں نے فیلڈ سروے شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے زلزلے سے متاثرہ شہریوں کی خیریت اور جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ حکام کی جانب سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ایکس سروس پر پیغام
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترک بھائیوں اور بہنوں کی سلامتی کیلئے دعا گو ہیں، پاکستان قدرتی آفت پر ہر طرح کی مدد کیلئے حاضر ہے۔
Comments are closed on this story.