پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن: لاہور میں معروف سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ سیل
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فیروزپور روڈ پر معروف سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ کو سنگین خلاف ورزیوں پر سیل کر دیا۔ آپریشن کے دوران دو من سے زائد ناقص سویٹس اور چاکلیٹ پاؤڈر موقع پر تلف کر دیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات الارض اور چوہوں کی بھرمار پائی گئی۔ پروڈکشن ایریا میں واش روم کی موجودگی اور اشیاء پر ایکسپائری تاریخ کا نہ ہونا خطرناک غفلت کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کھلی ٹوکریوں میں مٹھائیاں رکھی گئی تھیں، جبکہ ٹوٹے، گندے اور زنگ آلود فریزرز کا استعمال بھی جاری تھا۔ اس کے علاوہ ناقص گھی، ممنوعہ رنگوں اور ایکسپائر اشیاء کو ملا کر سویٹس تیار کی جا رہی تھیں۔
فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Comments are closed on this story.