ثناء اللہ مستی خیل نے اپنے میٹر اتارنے والوں کو معاف کردیا، چیئرمین پی اے سی
قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں رکن اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل کے گھر سے بجلی کا میٹر اتارنے کے واقعے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے کی۔
چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ ثناء اللہ مستی خیل نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قصور وار افراد کو معاف کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مستی خیل معاف نہ کرتے تو ہم اس معاملے پر سخت کارروائی کرتے۔
جنید اکبر نے واضح کیا کہ ”پی اے سی اپنے ممبران کی عزت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، اس قسم کا رویہ ہرگز قابل قبول نہیں۔“
اجلاس سے قبل کمیٹی کی انٹرنل میٹنگ بھی ہوئی، جس میں اراکین کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ جنید اکبر نے کہا کہ کئی اراکین اب بھی ناراض ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ مستی خیل کو معافی قبول نہیں کرنی چاہیے تھی۔
دوسری جانب سیکرٹری توانائی نے اجلاس کے دوران موقف اختیار کیا کہ متعلقہ افسران اپنے عمل پر معذرت کر چکے ہیں اور انہیں اس معاملے پر کمیٹی اراکین کو بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ معاملہ کیسے حل کرنا ہے۔چیئرمین پی اے سی کے مطابق، ثناء اللہ مستی خیل کی جانب سے معافی کی منظوری کے بعد معاملہ ختم کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل واپڈا اہلکار ثناء اللہ مستی خیل کے گھر کا میٹر اور ٹرانسفارمر اکھاڑ کر لے گئےتھے۔
Comments are closed on this story.