پنجاب میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا خدشہ، اسکولوں کے لئے اہم ہدایات جاری
پنجاب میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے اور متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے اہم نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے آئندہ دنوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے جس کے تناظر میں طلبہ و اساتذہ کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے جامع ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق، تمام تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہلکے، ڈھیلے ڈھالے اور گرمی کے لحاظ سے موزوں کپڑے پہن کر آئیں۔ اسکے ساتھ ہی غیر نصابی اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں تاکہ طلبہ دھوپ اور گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔
اسکول میں کلاس رومز میں پنکھوں اور وینٹیلیشن کے نظام کو فعال حالت میں رکھا جائے تاکہ اندرونی ماحول قدرے معتدل رہے۔ طلبہ کو ممکنہ حد تک کور ایریاز میں رکھا جائے اور دھوپ میں لے جانے سے گریز کیا جائے۔
محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ان گائیڈ لائنز پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہوں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ اقدامات طلبہ کی صحت اور تحفظ کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔
Comments are closed on this story.