Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
09 Dhul-Qadah 1446  

بینچ تبدیلی کیس: مجھے سزا دینے کا شوق نہیں آپ سچ بولیں، جسٹس اعجاز کا ڈپٹی رجسٹرار سے استفسار

عدالت نے عندیہ دیا کہ اس کیس میں عدالتی معاون مقرر کرنا پڑے گا تاکہ معاملے کی مکمل چھان بین ہو سکے
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2025 02:37pm

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بینچ کی تبدیلی کے معاملے پر ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل سلطان محمود کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کی۔

ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل سلطان محمود عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ان سے وہ تمام ریکارڈ طلب کر لیا جس میں مقدمات کو ایک بینچ سے دوسرے بینچ میں منتقل کیا گیا ہو۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیے کہ ’ایسی کوئی فائل عدالت کو دکھائیں جس میں جج کی مرضی کے بغیر کیس ٹرانسفر کیا گیا ہو۔‘

ڈپٹی رجسٹرار نے ایک کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، جس پر جسٹس اعجاز نے مشاہدہ کیا کہ ’فائل کے مطابق یہ کیس چیف جسٹس سن رہے تھے، اور بینچ میں دو مزید ججز کو شامل کیا گیا۔‘

عدالت نے اہم سوال اٹھایا کہ ’کیا چیف جسٹس متعلقہ جج کی منظوری کے بغیر کیس ٹرانسفر کر سکتے ہیں؟‘

جسٹس اعجاز اسحاق نے ڈپٹی رجسٹرار سے کہا، ’مجھے آپ کی مجبوریوں کا علم ہے، میرا مقصد آپ کو سزا دینا نہیں، بس آپ سچ بولیں۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’میرا پورا پلان ہے کہ اس معاملے پر تفصیلی ججمنٹ تحریر کی جائے۔‘

عدالت نے عندیہ دیا کہ اس کیس میں عدالتی معاون مقرر کرنا پڑے گا تاکہ معاملے کی مکمل چھان بین ہو سکے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت 30 اپریل تک ملتوی کر دی۔

Islamabad High Court

benches changing