Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
09 Dhul-Qadah 1446  

ججز ٹرانسفر کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست واپس لینے کی وجوہات سامنے آ گئیں

بار کے صدر اور سیکرٹری کی جانب سے باقاعدہ اتھارٹی لیٹر جاری کردیا گیا
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2025 03:09pm

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ججز کے تبادلے اور سنیارٹی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ کی جانب سے جاری کردہ اتھارٹی لیٹر کے مطابق، ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کو درخواست واپس لینے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

بار کی مجلس عاملہ نے گزشتہ روز متفقہ طور پر درخواست سے دستبرداری کا فیصلہ کیا، جس کے اعلامیے میں وجوہات بھی بیان کی گئی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق یہ کیس ججز کی سنیارٹی سے متعلق ہے اور ججز خود سپریم کورٹ میں اس حوالے سے مقدمات دائر کر چکے ہیں۔ ہائی کورٹ بار نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک آئینی معاملہ ہے اور اس کا حل بھی آئینی اداروں کو کرنا چاہیے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اس مقدمے میں متاثرہ فریق نہیں ہے۔ ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ بار کے سابق صدر نے یہ درخواست بار کی مجلس عاملہ کی اجازت کے بغیر دائر کی تھی، جس کے باعث اب موجودہ قیادت نے اسے واپس لینے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یہ کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔

Islamabad High Court

Supreme Court of Pakistan

islamabad high court bar