پاکستانی مزدور یو اے ای جانے سے کترانے لگے، ملازمتوں کے متلاشیوں کی منزل اب کونسا ملک ہے؟
رواں سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستانی افرادی قوت کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہجرت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ اماراتی ویزا پالیسیوں میں مسلسل تبدیلیاں بتائی گئی ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب پاکستانی کارکنوں کے لیے سب سے بڑی منزل بن کر سامنے آیا ہے۔
یہ انکشاف منگل کو جاری کردہ جے ایس گلوبل کی رپورٹ میں کیا گیا، جس میں بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ’2025 کی پہلی سہ ماہی میں یو اے ای جانے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ ویزا پالیسیوں اور طریقہ کار میں بار بار تبدیلیوں کی وجہ سے افرادی قوت کی برآمدات سست ہو گئی ہیں۔‘
رپورٹ کے مطابق اسی دوران سعودی عرب نے 70 فیصد پاکستانی افرادی قوت کو اپنی طرف راغب کیا، جو اس عرصے کے دوران کل ہجرت کا سب سے بڑا حصہ ہے۔
تاریخی طور پر، یو اے ای پاکستانی کارکنوں کے لیے ایک نمایاں منزل رہا ہے، لیکن اس کی موجودہ حصہ داری صرف 4 فیصد رہ گئی ہے، جو کہ ماضی کے 35 فیصد کے اوسط سے واضح کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
یو اے ای، پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شمار ہوتا ہے اور زرِمبادلہ بھیجنے والا ایک بڑا ذریعہ ہے، جو پاکستان کی معاشی حالت کو سہارا دیتا ہے۔ اگرچہ دونوں ممالک کی جانب سے پاکستانیوں پر ویزا پابندیوں سے انکار کیا گیا ہے، لیکن حالیہ مہینوں میں ویزا مسترد ہونے اور اسکروٹنی بڑھنے کی متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
تاہم گزشتہ ہفتے پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزعابی نے کہا کہ پاکستانی شہری اب پانچ سالہ ویزے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ ’پہلے موجود مسائل حل ہو چکے ہیں‘۔
جے ایس گلوبل کا کہنا ہے کہ اگر یو اے ای کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ہجرت کے عمل میں نرمی آتی ہے تو یہ زرِمبادلہ میں بڑا اضافہ لا سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’غیر رسمی ذرائع کی روک تھام اور سعودی عرب و یو اے ای سے مستقل ترسیلات کے ساتھ، ان دو ممالک سے پاکستان کو مجموعی ترسیلات زر کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ حاصل ہونے کا امکان ہے‘۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، مارچ 2025 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر 4.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پہلی بار 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
یہ شرح گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے، جبکہ فروری 2025 کے مقابلے میں اس میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔