Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

سوتے مزدا ڈرائیور کی ٹکر سے موٹروے پولیس کے انسپکٹر شہید

ولیس افسران سڑک استعمال کرنے والے شہریوں کو بریفنگ اور روڈ سیفٹی ایجوکیشن فراہم کر رہے تھے
شائع 2 دن پہلے

موٹروے ایم 4 پر امین پور کے قریب افسوسناک حادثے میں موٹروے پولیس کے انسپکٹر منصور اصغر شہید ہوگئے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران سڑک استعمال کرنے والے شہریوں کو بریفنگ اور روڈ سیفٹی ایجوکیشن فراہم کر رہے تھے۔

حادثے کی تفصیل بتاتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مزدا ٹرک نمبر JW-1778 کا ڈرائیور دورانِ ڈرائیونگ سو گیا اور بے قابو ہو کر پیچھے سے پٹرولنگ موبائل سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موبائل میں موجود انسپکٹر منصور اصغر موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق شہید افسر نہایت ایماندار، فرض شناس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکٹر کمانڈر ایم فور موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

حادثے میں ملوث مزدا ٹرک کے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

موٹروے پولیس نے انسپکٹر منصور اصغر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی جان کا نذرانہ دے کر ڈیوٹی کے دوران فرض کی تکمیل میں شہید ہوئے۔

traffic accident

Motorway M4

Motorway Police Officer