ٹرمپ ٹیرف کی گیند چین کے کورٹ میں، ’تمہیں ہماری ضرورت ہے ہمیں تمہاری نہیں‘
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ نے ایک اہم پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ چین کو امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے کی اشد ضرورت ہے، جب کہ امریکا کو اس معاہدے کی کوئی خاص ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیند اب چین کے کورٹ میں ہے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ وہ تجارتی معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن پہل بیجنگ کو کرنی ہوگی۔
کیرولائن لیویٹ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ امریکا اپنی شرائط پر معاہدہ کرے گا، اور اگر چین سنجیدہ ہے تو اسے پہلے قدم بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اپنی معاشی طاقت پر قائم ہے اور کسی دباؤ میں آکر معاہدہ نہیں کرے گا۔
امریکہ جوابی ٹیرف کی پالیسی کو مکمل طور پر ختم کرے، چین کا مطالبہ
ایک صحافی کے سوال پر ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ہارورڈ یونیورسٹی کھلے الفاظ میں معافی مانگے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کو نہ صرف وفاقی قوانین پر عمل کرنا چاہیے، بلکہ کالج کیمپس میں یہودی امریکی طلبہ کے خلاف پھیلنے والی یہود دشمنی پر بھی معذرت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کے متعدد مطالبات کو مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ سخت موقف سامنے آیا ہے۔
فلسطین کی حمایت پر ٹرمپ کا معتبر ترین ہارورڈ یونیورسٹی پر وار
یہ صورتحال چین اور امریکا کے درمیان تجارتی کشیدگی کے ساتھ ساتھ داخلی سطح پر بھی ایک نئے تناؤ کو جنم دے رہی ہے، جہاں صدر ٹرمپ اپنے دو ٹوک بیانیے کے ذریعے نہ صرف بیرونی پالیسی بلکہ ملکی معاملات میں بھی جارحانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔