سعودی عرب کا شام کے عالمی بینک کے قرضوں کی ادائیگی کا امکان
سعودی عرب عالمی بینک کو شام کا قرض ادا کرے گا، جس سے شام کو اپنے پبلک سیکٹر کی تعمیر نو اور مدد کے لیے لاکھوں ڈالر کی امداد مل سکے گی۔
رائٹرز کے مطابق گزشتہ برس بشارالاسد حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب سعودی عرب کی جانب سے شام کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اس بات کی علامت بھی ہو سکتی ہے کہ خلیجی ممالک کی شام کےلیے حمایت بالآخر عملی شکل اختیار کرنے لگی ہے۔
گزشتہ ماہ قطر کی جانب سے شام کو اردن کے راستے گیس فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ بجلی کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے جس کی امریکہ نے بھی منظوری دی تھی۔
شام میں 23 وزراء کی تقرری کے ساتھ عبوری حکومت کا اعلان
سعودی وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم افواہوں پر تبصرہ نہیں کرتے، وقت آنے پر ہم اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
شام عالمی بینک کے تقریباً 15 ملین ڈالر کا مقروض ہے، اور اسے عالمی بینک سے گرانٹ یا دیگر مدد حاصل کرنے سے قبل قرض کی ادائیگی ممکن بنانا ہوگی۔