پتنگ بازوں کی ’ٹِنڈ‘ کرکے ویڈیو اپلوڈ کرنے پر عدالت پولیس پر برہم
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی ضیا باجوہ نے پتنگ بازی کے ملزمان کو گنجا کر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار وشال شاکر کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس علی ضیا باجوہ پولیس کے رویے پر برہم نظر آئے۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا کہ ’آپ لوگوں کی ٹنڈیں کر کے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اپ لوڈ کر رہے ہیں، لاہور پولیس کے آفیشل پیج پر بھی ایسی ویڈیوز موجود ہیں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ڈسپلن فورس ہے، کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے۔ کوئی بھی ملزم، چاہے وہ کالا چور ہو، قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے، نہ کہ اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے۔‘
عدالت نے پولیس کے اس طریقہ کار کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ طریقہ نہیں ہے کہ آپ لوگوں کو گنجا کر کے انڈین گانے لگا کر ویڈیوز اپ لوڈ کریں۔‘
بیٹے کے زندہ بچ جانے پر بھارتی اداکار کی اہلیہ نے منت میں سر منڈوا لیا
جسٹس علی ضیا باجوہ نے ڈی آئی آپریشنز لاہور کو عدالت میں پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا، اور آئی جی پنجاب کو بھی سینئر آفیسر کے ذریعے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے اس کیس کی مزید کارروائی کل تک ملتوی کر دی اور متعلقہ فورم سے رجوع نہ کرنے کے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو بھی ختم کر دیا۔