Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
23 Shawwal 1446  

دبئی میں غیر قانونی ٹیکسیوں سے بچنے کے طریقے: رجسٹرڈ ٹیکسیوں کی پہچان کیسے کریں

ٹیکسی کی پہچان کے لئے کچھ ضروری خصوصیات ہیں، جنہیں جاننا ضروری ہے
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2025 11:28am

دبئی میں رش کے اوقات میں ٹیکسی کی تلاش میں یا دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 1 کے باہر کھڑے افراد کو اکثر ایسے افراد مل سکتے ہیں جو ٹیکسی کی پیشکش کرتے ہیں، اور امکان یہی ہے کہ وہ غیر قانونی یا غیر مجاز ٹیکسی چلانے والے ہوں۔ ان افراد کو پہچاننا ضروری ہے، کیونکہ یہ آپ کی حفاظت کے لئے خطرہ ہو سکتے ہیں۔

دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک اپ ڈیٹ شیئر کی ہے، جس میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹیکسی میں سوار ہونے سے پہلے کچھ خاص خصوصیات چیک کریں تاکہ وہ یہ یقین دہانی کر سکیں کہ وہ ایک قانونی ٹیکسی لے رہے ہیں۔

ٹیکسی کی پہچان کے لئے کچھ ضروری خصوصیات ہیں:

دبئی کی تمام عوامی ٹیکسیوں کی چھت پر مخصوص رنگ ہوتا ہے جو کہ یا تو سرخ، نیلا، سبز، پیلا، نارنجی، یا گلابی ہو سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ٹیکسی پر آر ٹی اے کا لوگو موجود ہونا ضروری ہے۔

ٹیکسی کا ڈرائیور آر ٹی اے کی آفیشل یونیفارم میں ہونا چاہیے۔

دبئی کی ٹیکسیوں میں ایک کنٹرول میٹر ہوتا ہے، جو مسافروں کو واضح نظر آتا ہے۔

اس کے علاوہ ، ٹیکسیوں میں نگرانی کے کیمرے بھی ہوتے ہیں تاکہ ڈرائیور کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔

غیر قانونی ٹیکسیوں میں یہ تمام خصوصیات موجود نہیں ہوتیں۔

2024 میں، آر ٹی اے نے غیر قانونی ٹیکسی آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 225 گاڑیوں کو ضبط کیا تھا۔

غیر قانونی ٹرانسپورٹ آپریٹرز جو مسافروں یا سامان کو دبئی میں کہیں بھی لے کر جاتے ہیں، ان پر 50,000 درہم تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

دبئی ایئرپورٹس پر خاص طور پر غیر مجاز ٹیکسی آپریٹرز کو اکثر دیکھا جاتا ہے جو کم کرایہ پر سواری دینے کی پیشکش کرتے ہیں، لیکن یہ آپریٹرز غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔

دبئی کے علاقے جبل علی میں بھی غیر قانونی ٹیکسی سروسز زیادہ ملتی ہیں، جہاں سستے کرایوں کی پیشکش کی جاتی ہے۔

دبئی کی ٹیکسی سروس 24 گھنٹے، سات دن کھلی رہتی ہے۔

ٹیکسی S’hail یا Careem ایپ کے ذریعے بھی بک کی جاسکتی ہے یا انہیں سڑک پر روک کر پکڑ سکتے ہیں۔

دبئی کی ٹیکسی کے کرایہ اگر ایپس سے کریں گے تو عام کرایہ 12 درہم تک ہوتا ہے اور اگر روڈ سے ٹیکسی لیں گے تو بیسک کرایہ 5 درہم تک ہو سکتا ہے جبکہ ایئرپورٹ ٹیکسی کا کرایہ 25 درہم تک ہے۔

dubai

Taxi