Aaj News

بدھ, مئ 07, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فوجی تعاون سمیت مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے

پاکستان اوربیلاروس کے درمیان ری ایڈمشن معاہدہ بھی طے پاگیا
اپ ڈیٹ 11 اپريل 2025 03:29pm

پاکستان اور بیلاروس تعاون کی نئی راہیں کھل گئیں، دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون سمیت مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اوربیلاروس کے درمیان ری ایڈمشن معاہدہ طے پاگیا، دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کا معاہدہ بھی ہو گیا۔

فوجی تکنیکی تعاون سے متعلق 2025 سے 2027 تک کا روڈ میپ بھی تیار کر لیا گیا۔ یہ روڈ میپ بیلاروس کی فوجی صنعت کی اسٹیٹ اتھارٹی اور وزارت دفاعی پیداوارپاکستان کےدرمیان طے پایا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بیلاروس کے مالی تعاون کے فنڈ برائے کاروبار اور سمیڈا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

بیلاروس کے ایوان صنعت وتجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے درمیان تعاون کا معاہدہ ہوا، پاکستان پوسٹ اور بیلاروس پوسٹ کے درمیان پوسٹل آئٹمز کے تبادلے کا معاہدہ بھی طے پاگیا، علاوہ ازیں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور جے ایس سی ایم کوڈور کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

بیلا روس کے صدر کا نواز شریف اور وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی جانب سے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں اپنے فارم ہاؤس پر عشائیہ دیا گیا۔ وزیراعظم نے پُرتپاک استقبال کرنے پر بیلاروس کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس کے دارالحکومت منسک پہنچے۔

بیلا روس کے وزیراعظم الیگزینڈر تورچن نے وزیراعظم شہباز شریف کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ ائیرپورٹ پر بیلا روس میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی تھے۔

بعد ازاں بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی جانب سے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں اپنے فارم ہاؤس پر عشائیہ دیا گیا۔

عشائیے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔

صدر لوکاشینکو نے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے بیلا روس کے دارالحکومت منسک کے وکٹری اسکوائر کا دورہ بھی کیا، دوسری عالمی جنگ میں جاں بحق فوجیوں کی یادگار،وکٹری اسکوائر پر پھول رکھے۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بیلاروس کی سرد ہواؤں میں گرم جوش استقبال کیا گيا۔ جہاں بیلا روس کی سالوں پرانی روایت کے مطابق انہیں نمک روٹی بھی پیش کی گئی۔

Nawaz Sharif

Belarus

PM Shehbaz Sharif