کوئٹہ میں نیو سریاب روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید
کوئٹہ میں نیوسریاب کےعلاقے مستونگ روڈ پر پولیس وین پر فائرنگ کے واقعے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ فائرنگ کی سی سی ٹی وی آج نیوز کو موصول ہوگئی۔
جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق نیو سریاب تھانے کا عملہ معمول کے مطابق گشت پر تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر 5 دہشت گرد پہنچے۔ پہلے موٹر سائیکل پر آنے والے دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ اسی دوران دوسری موٹرسائیکل پر 3 مزید دہشت گرد پہنچے۔
دو دہشت گرد اترے اور ساتھیوں کے ساتھ فائرنگ کی۔ 4 دہشت گرد فائرنگ کرتے رہے، ایک پیچھے کھڑا رہا۔ دہشت گردوں نے گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر فائر کیے۔
شہدا میں سب انسپکٹر عبدالولی تنولی، کانسٹیبل عبدالرحمٰن اور کانسٹیبل مختیار شامل ہیں، جبکہ کانسٹیبل خیر بخش شدید زخمی ہوگیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لہو کا حساب لیا جائے گا، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کمزور نہیں ہے، دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا، امن تباہ کرنے والوں پر زمین تنگ کر دیں گے۔ پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔
Comments are closed on this story.