کورنگی سے گرفتار 3 خطرناک دہشتگردوں کے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات
کراچی کے علاقے کورنگی سے گرفتار 3 خطرناک دہشت گردوں کے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں جن کی تفتیشی رپورٹ آج نیوز نے حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے 3 خطرناک دہشت گردوں کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ آج نیوز کو موصول ہو گئی ہے، جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نہ صرف سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے بلکہ انہوں نے پاکستان میں تخریب کاری کے منصوبوں میں فتنہ الخوارج کو بھی بھرپور معاونت فراہم کی۔
آج نیوز کے نمائندے صولت جعفری کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت مومن خان، گل نور اور دوست محمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہوں نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ کورنگی میں واقع ایک گارمنٹس فیکٹری میں روپوشی اختیار کیے ہوئے تھے۔
دہشتگردوں کی تربیت اور نیٹ ورک
تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزمان کو دہشت گرد انعام اللہ نے تربیت فراہم کی، جس نے اپنے ذاتی گھر میں موجود سرکاری اسلحے کے ذریعے ان کو عملی ٹریننگ دی۔
کراچی میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے والے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد گرفتار
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انعام اللہ افغانستان میں نیٹو فورسز کے خلاف بھی سرگرم رہا، جہاں وہ ملا منصور نامی ایک جنگجو کمانڈر کے ماتحت کام کرتا رہا۔
حملوں کے بعد کراچی میں پناہ
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث رہے اور ہر واردات کے بعد کراچی میں پناہ لینے آتے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں نے اپنے دیگر 19 ساتھیوں کے نام بھی تفتیش کے دوران اگل دیے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی اداروں نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
حالیہ گرفتاری
یاد رہے کہ دو روز قبل کورنگی سے طائب، انعام اور نعیم نامی دہشت گردوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا، جن کے نیٹ ورک سے ان گرفتار افراد کا براہِ راست تعلق پایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ادارے الرٹ
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ شہرِ قائد میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کارروائی کو قبل از وقت ناکام بنایا جا سکے۔
Comments are closed on this story.