Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

اسرائیل خطے کا نقشہ دوبارہ بنانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا، ترک صدر

ترکیہ شام میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داریاں پوری کرے گا، رجب طیب اردوان
شائع 09 اپريل 2025 09:33am

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل خطے کا نقشہ دوبارہ بنانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا، ترکیہ ہمیشہ شامی بھائیوں، بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، ترکیہ شام میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داریاں پوری کرے گا، ظالموں کے خلاف حق کی آواز بلند کریں گے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر مشرقِ وسطیٰ میں امن و انصاف کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اسرائیلی عزائم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ”اسرائیل خطے کا جغرافیہ تبدیل کرنے کی کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، ترکیہ ان سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔“

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ نہ صرف فلسطین بلکہ شام میں بھی قیامِ امن اور انسانی بھلائی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔

ترک صدر نے یقین دہانی کروائی کہ ”ترکیہ ہمیشہ اپنے شامی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔“ ان کے مطابق شام میں استحکام علاقائی امن کے لیے ضروری ہے، اور ترکیہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔

”غزہ میں بربریت اور انسانیت کا جنازہ“

اپنے خطاب میں ترک صدر نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”معصوم بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو جس بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے، وہ انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔“

انہوں نے انکشاف کیا کہ غزہ میں طبی سہولیات کو بھی نشانہ بنایا گیا، یہاں تک کہ ایمبولینسوں پر گولیاں چلائی گئیں، جو جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل

رجب طیب اردوان نے عالمی سربراہان پر زور دیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے، غزہ میں جاری ظلم و ستم کو رکوانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی بین الاقوامی قائدین سے اس مسئلے پر فوری رابطہ کریں گے تاکہ اسرائیل کی جارحیت کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا، ”ہم ظالموں کے خلاف ہمیشہ حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے حالات جیسے بھی ہوں۔“

ان کا کہنا تھا کہ ”غزہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اور اس آگ کو ہوا دینا پورے خطے کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔“

Israel

Recep Tayyip Erdogan

Turkish President's