کالج کی 20 سالہ طالبہ تقریر کی دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی
بھارت کے صوبے مہاراشٹر کے ضلع دھاراشیو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کالج کی ایک 20 سالہ طالبہ الوداعی تقریب کے دوران تقریر کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی طالبہ کی شناخت ورشا کے نام سے ہوئی ہے جو پرانڈا کے آر جی شندے کالج میں زیر تعلیم تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ورشا کو تقریب کے اسٹیج پر خوشی خوشی تقریر کرتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم طالبہ کی آواز تقریر کے دوران دھیمی ہوتی گئی اور اچانک وہ گر گئیں، جس کے بعد وہاں موجود متعدد افراد نے آگے بڑھ کر ان کو سہارا دینے کی کوشش کی۔
ورشا کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ورشا کی 8 سال کی عمر میں دل کی سرجری ہو چکی تھی لیکن اس کے بعد وہ کسی قسم کی بیماری یا علاج کی محتاج نہیں رہی تھی۔
کالج انتظامیہ نے طالبہ کی اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کالج میں ایک دن کے سوگ اور تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
Comments are closed on this story.