صدر مملکت کی طبیعت کے حوالے سے بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کر رہا ہے، ڈاکٹر عاصم حسین
صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر صدر مملکت سے متعلق من گھڑت خبریں چلائی جا رہی ہیں اور بھارتی چینلز پر بھی اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی طبیعت بہتر ہے اور ان کی صحت سے متعلق کسی قسم کی پریشانی کی بات نہیں۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ صدر مملکت ہفتے کے روز اسلام آباد سے نوابشاہ گئے تھے اور عید کے دن ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود مجھے کال کی۔ صدر کو فوری طور پر طبی نگہداشت فراہم کی گئی۔
ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ نوابشاہ میں صحت کی سہولیات محدود ہیں، تاہم سینئر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم صدر مملکت کا علاج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی طبیعت اب بہتر ہے اور امید ہے کہ وہ کل یا پرسوں اسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صدر مملکت کی صحت کے حوالے سے صرف مصدقہ اطلاعات پر انحصار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس اب بھی پاکستان میں موجود ہے تاہم اینٹی وائرس ادویات آ چکی ہیں اور صورتِ حال قابو میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جو خبریں اور فوٹیجز گردش کر رہی ہیں وہ غیر مناسب اور جعلی ہیں۔
ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین جو مرضی کہتے رہیں، حقیقت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ بھارت تو ویسے ہی ہمارا دشمن ہے، وہاں سے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت کو بلڈ پریشر اور شوگر کا عارضہ ضرور ہے لیکن ان کی طبیعت اب بہتر ہے اور وہ زیر علاج ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ اسپتال سے صدر کی فوٹیج جاری کرنا یا نہ کرنا ایک سیاسی فیصلہ ہے، جس پر حکومت یا ایوانِ صدر کو غور کرنا ہے۔
ڈاکٹر عاصم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی معلومات پر توجہ نہ دی جائے اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ اطلاعات پر یقین کیا جائے۔
Comments are closed on this story.