Aaj News

ہفتہ, اپريل 12, 2025  
13 Shawwal 1446  

انٹر پارلیمانی یونین کا سالانہ اجلاس، پاکستان کو 3اہم کمیٹیوں کی رکنیت مل گئی

یہ پیش رفت پاکستان کی عالمی پارلیمانی سطح پر مثبت امیج اور مؤثر سفارت کاری کی عکاسی کرتی ہے
شائع 05 اپريل 2025 03:29pm
تصویر: ایکس / پاکستان ایمبیسی ازبکستان
تصویر: ایکس / پاکستان ایمبیسی ازبکستان

تاشقند میں ہونے والے انٹرپارلیمانی یونین (IPU) کے سالانہ اجلاس میں پاکستان نے تین اہم کمیٹیوں کی رکنیت حاصل کر کے اہم سفارتی کامیابی حاصل کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں 11 رکنی پارلیمانی وفد نے اجلاس میں شرکت کی۔

وفد نے اجلاس کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے منتخب پارلیمنٹرینز سے ملاقاتیں کیں، جن میں دہشت گردی، ماحولیاتی تبدیلی اور دیگر عالمی چیلنجز پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا گیا۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو مسلسل دوسری بار انسانی حقوق، جمہوریت کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا، جو پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ سینیٹر شہزیب درانی نوجوان پارلیمنٹیرینز فورم کے رکن منتخب ہوئے، جب کہ رکن قومی اسمبلی عقیل ملک کو ہائی فورم برائے انسداد دہشت گردی و شدت پسندی کا رکن چنا گیا۔

پاکستانی وفد نے اجلاس کے دوران اہم عالمی امور پر بات کی اور مختلف ممالک کے نمائندوں کو پاکستان میں دہشتگردی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے آگاہ کیا۔ یہ پیش رفت پاکستان کی عالمی پارلیمانی سطح پر مثبت امیج اور مؤثر سفارت کاری کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان

inter parliamentary union