Aaj News

جمعرات, اپريل 10, 2025  
11 Shawwal 1446  

پالیسی واضح ہے، افغان شہریوں کو باعزت طریقے سے واپس بھیجیں گے، علی امین گنڈا پور

وزیراعلٰی خیبر پختون خوا نے این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان بھی کر دیا
اپ ڈیٹ 04 اپريل 2025 06:23pm
ویڈیو گریب تصویر
ویڈیو گریب تصویر

علی امین گنڈا پورنے کہا ہے کہ بے سروسامانی کے عالم میں افغان مہاجرین کو نہیں نکالیں گے۔ ایسا نہیں ہو سکتا ہے کہ کسی کو اٹھا کر سرحد پر پھینک دیں۔ افغان شہریوں کی واپسی سے مطابق پالیسی واضح ہے۔ باعزت طریقے سے واپس جانے والوں کو وسائل دیں گے ۔ کئی بار کہہ چکا ہوں افغانستان سے مذاکرات کیے جائیں۔ جنگ جیتنے کے لئے لوگوں کے دل جیتنا ہوں گے۔ وزیراعلٰی کے پی کے نے این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پرسڑکوں پرنکلنے کا اعلان بھی کر دیا۔

اسلام آباد میں وزیراعلٰی کے پی کے علی امین گنڈا پور نے نیوز کانفرس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دورمیں دہشت گردی ختم ہو گئی تھی، پی ٹی آئی حکومت ختم کرنے پر ہمارے تحفظات ہیں، پی ٹی آئی کوختم کرنے کیلئے پورا زور لگایا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دہشت گردی میں ہمارے شہری شہید ہو رہے ہیں، ملک میں دہشت گردی وفاقی حکومت کی ناکامی ہے، ہمارے افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب ہو رہے ہیں، اداروں، وفاق نے افغانستان سے بات چیت کیلئے ٹی آر اوز بنانے کا کہا۔

وزیراعلٰی خیبر پختون خوا نے کہا کہ ٹی آراوز بنائے ہوئے 2 سے 3 ماہ ہوگئے، افغانستان سے بات چیت کیلئے ہمیں جواب نہیں دیا جا رہا، ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے صوبائی ایکشن پلان پرعمل درآمد شروع کیا ہے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوتے رہتے ہیں۔

علی امین گنڈا پورنے کہا کہ جنگ جیتنے کیلئے لوگوں کے دل جیتنا ہوتے ہیں، ہمارے ملک میں دہشت گردی کی لہر جاری ہے، بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ حل صرف مذاکرات ہے، کسی افغان باشندے کوزبردستی نہیں نکالنے دوں گا، افغان شہریوں سے متعلق ہماری پالیسی واضح ہے، افغان شہریوں کو باعزت طریقے سے واپس بھیجیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بے سروسامانی کی حالت میں واپسی نہیں ہوگی، ہم نے کیمپس بنائے رضاکارانہ طور پر جانے والوں کو بھیجا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ این ایف سی کیلئے اپریل کی ڈیڈ لائن دی تھی، واضح بتا رہا ہوں، اپریل کا مطلب اپریل ہے، یہ میرا آئینی حق ہے، پورے صوبے کی عوام کو لے کر نکلوں گا، پولیس، انتظامیہ اور سرکاری ملازمین کو لے کر نکلوں گا، میں دکھاؤں گا کہ میرا صوبہ اور عوام اتنی لاوارث نہیں ہیں۔

cm kpk

Ali Amin Gandapur