Aaj News

اتوار, اپريل 20, 2025  
21 Shawwal 1446  

وزیراعظم کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر تاجر برادری میں خوشی کی لہر

بجلی کی قیمت میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، عاطف اکرام شیخ
اپ ڈیٹ 03 اپريل 2025 06:14pm

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے، جس پر یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر کو کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ایس ایم تنویر نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم کےاعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کوآگے آناچاہئے، ہمیں پیداوار بڑھانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں صدرایف پی سی سی آئی نے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں، ہمارا فرض ہے معاشی استحکام کیلئے کام کریں، وزیراعظم کے اعلان پر تاجروں کو آگے آنا چاہئے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ہمیں پیداواربڑھانے کیلئے کام کرنا ہوگا، پیداواری لاگت میں کمی سے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، ملک اچھی سمت میں جا رہا ہے۔

پیٹرن ان چیف ایف پی سی سی آئی ایس ایم تنویر نے کہا کہ آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈسکوز کی نجکاری سے 600 ارب کی چوری رکے گی، جنکوز کی فروخت سے 9 ارب روپے قومی خزانے میں ملے، حکومت نے بند جنکوز کو فروخت کیا، ہم نے ثابت کر دیا آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے غلط تھے۔

اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرز اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا کہ حکومت ملک میں صنعت اور کاروبار کو بحال کرنے میں سنجیدہ ہے اور انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے یو بی جی اور ایف پی سی آئی سے مل کر آئی پی پیز کا مسئلہ اٹھایا۔

ایس ایم تنویر نے مزید کہا کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے اور وزیر خزانہ نے یو بی جی کے وفد کو بجلی کے نرخ کم ہونے کی نوید دی تھی۔ انہوں نے گزشتہ دس ماہ سے تواتر سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی وکالت کی اور کہا کہ یو بی جی بزنس یونٹی کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

ایس ایم تنویر نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ ہم بینکوں کی شرح سود کو بھی سنگل ڈیجٹ کرائیں گے۔

لاہور چیمبر کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم

لاہور چیمبر نے وزیراعظم کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ یہ دیرینہ مطالبہ تھا جس کی تکمیل کاروباری طبقے کے لیے خوش آئند ہے۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ اس فیصلے سے برآمدات اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ اس سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔

لاہور چیمبر کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے کاروبار دوست اقدامات معیشت کی بحالی کے لیے کلیدی ہیں اور وزیراعظم کا یہ اقدام معیشت کی بحالی کی جانب اہم قدم ہے۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے بھی اس فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اس سے صنعتی ترقی کو تقویت ملے گی۔

پاکستان بزنس فورم کا خیر مقدم

پاکستان بزنس فورم، خواجہ محبوب نے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ بجلی کمی پیکچ کو سراہتے ہیں، مثبت شروعات کی طرف وزیراعظم کا اہم قدم ہے، اس اقدام سےزراعت اورانڈسٹری کو کسی حدتک ریلیف ملے گا۔

خواجہ محبوب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی 12روپے یونٹ کمی کی منتظر تھی، امید کرتے ہیں کچھ ماہ بعد بجلی کے نرخ میں کمی کی مزید خوشخبری ملے گی، بجلی بلوں سےغیر ضروری سرچارجز کو بھی ختم کیا جائے، برآمدات کو بڑھانے کے لیے روپیہ کو بھی تگڑا کرنے کی ضرورت ہے۔

FPCCI

PM Shehbaz Sharif

UBG

SM Tanveer