Aaj News

جمعہ, اپريل 04, 2025  
05 Shawwal 1446  

پیپلز پارٹی 6 کینال منصوبے کیخلاف کل سندھ بھر میں مشعل بردار ریلیاں نکالے گی، نثار کھوڑو کا اعلان

پانی کا مسئلہ سندھ کے مستقبل اور زندگی کا سوال ہے، نثار کھوڑو
اپ ڈیٹ 01 اپريل 2025 10:49pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پیپلز پارٹی سندھ نے متنازع 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ واسیع کرکے احتجاج کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 6 کینال منصوبے کیخلاف کل سندھ بھر میں مشعل بردار ریلیاں نکالے گی۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے دریائے سندھ پر 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف کل 2 اپریل بدھ کو سندھ بھر کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں شام کو احتجاجی مشعل بردار ریلیوں کا اعلان کیا ہے۔

صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو نے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کل 2 اپریل کو سندھ کے ہر تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں متنازعہ 6 کینال منصوبے کے خلاف احتجاجی مشعل بردار ریلیاں نکالے گی۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ بھر کی تحصیل سطح کی تنظیمیں اپنے اپنے تحصیلوں کے ہیڈ کوارٹرز میں کینالوں کے خلاف شام کو عوامی قوت کے ساتھ مشعل بردار ریلیاں نکالیں۔

بطوروزیراعلیٰ سندھ میں خود کہہ رہاہوں کہ کینالز نہیں بنیں گی،وزیراعلیٰ سندھ

صدر پیپلز پارٹی سندھ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ پانی کا مسئلہ ایک دن کے احتجاج کرنے سے حل نہیں ہوگا، جس کے لیے مسلسل احتجاج کر کے دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ پانی کا مسئلہ سندھ کے مستقبل اور زندگی کا سوال ہے۔

نثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگیاں بچانے کے لئے کینال منصوبے کے خلاف عوام کے ساتھ ہیں۔ 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کے نقصان میں ہے اس لئے سندھ کے لوگوں کو یہ منصوبہ قبول نہیں ہے۔

صدر پی پی سندھ نے کہا کہ کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کی عوام کا احتجاج اپنے حق کے لئے ہے۔ پیپلز پارٹی کینالوں کے خلاف احتجاج جاری رکھ کر اپنا جمہوری حق استعمال کرتی رہے گی۔

نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ جب تک 6 کینالوں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان نہیں ہوگا تب تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ کینال منصوبے کے خلاف سب مل کر جدوجھد کرکے سندھ کی حفاظت کریں گے۔ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالہ گیا تو مزاحمت کرینگے۔

اس سے قبل انھوں نے کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں وقار مہدی اور عاجز دھامراہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے 6 کینال منصوبے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، انھوں کہا کہ سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں، مظاہرے کیے جائیں گے۔

گھوٹکی میں احتجاج

عید کے دوسرے روز گھوٹکی میں کینال کے خلاف سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

گھوٹکی میں ڈگری کالج سے بائی پاس تک ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔