Aaj News

بدھ, اپريل 02, 2025  
03 Shawwal 1446  

دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں، ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں: رانا ثنا اللہ

دہشت گردوں کی بالواسطہ حمایت ناقابل قبول ہے رانا ثنا اللہ
شائع 31 مارچ 2025 09:29am

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی صورت معاف نہیں کی جا سکتی اور اس کا کوئی جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔

رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کا خون بہا رہے ہیں اور پاکستان پر دہشت گردی مسلط کی جا رہی ہے، لیکن ریاست دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور ملک کو مالی بحران سے نکال چکی ہے۔

سیکورٹی خدشات کے باعث اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سیاسی سرگرمیاں محدود کردیں

دہشت گردوں کی کمین گاہیں ختم کی جائیں گی

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کی بریفنگ میں آرمی چیف نے عزم کا اظہار کیا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مردان کے علاقے کاٹلنگ میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، اور اس میں وہی افراد مارے گئے جو دہشت گرد تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گرد اپنے بیوی بچوں کو اپنے ساتھ رکھ کر دہشت گردی کی تیاری کریں گے تو پھر کارروائی کرنا ناگزیر ہوگا۔

دہشت گردوں کی بالواسطہ حمایت ناقابل قبول ہے

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کسی کو بھی ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جو دہشت گردوں کی بالواسطہ حمایت کے مترادف ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد تک پہنچنے کے لیے کسی نکتہ نظر یا دباؤ کی پروا نہیں کی جانی چاہیے۔

نہری منصوبے پر اتفاق رائے ضروری ہے

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے نہری منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کا مسئلہ فیڈریشن سے بڑا نہیں ہے، اور اس پر اتفاق رائے پیدا کر کے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں بھی کینال منصوبے پر بات ہوئی اور وزیراعظم نے اس معاملے کو اتفاق رائے سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

کراچی میں ڈمپر حادثات، ایم کیو ایم اور حکومت سندھ آمنے سامنے

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کچھ عناصر نے کینال منصوبے کو متنازع بنا دیا ہے، بالکل اسی طرح جیسے کالا باغ ڈیم کو سیاست زدہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اس حوالے سے ردعمل دینا چاہیے اور ایسے عناصر کو فیڈریشن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

معاشی بحران سے نکلنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے بھی بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Rana Sanaullah

Mardan