ٹرمپ تیسری بار بھی اقتدار کے مزے لوٹنے کے خواب دیکھنے لگے، آئین میں ترمیم کا عندیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیسری بار صدر بننے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے، حالانکہ امریکی آئین کی 22ویں ترمیم کے تحت انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ این بی سی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اس کے لیے ”طریقے موجود ہیں“ اور یہ واضح کیا کہ وہ ”مذاق نہیں کر رہے۔“
اتوار کی صبح این بی سی نیوز سے فون پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ میں یہ کروں،‘ ان کا اشارہ اپنے اتحادیوں کی طرف تھا۔ ’لیکن میں ان سے کہتا ہوں کہ ابھی بہت وقت باقی ہے، یہ انتظامیہ کے لیے بہت ابتدائی مرحلہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ’اس وقت کی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تیسری مدت چاہتے ہیں، تو ان کا جواب تھا، ’مجھے کام کرنا پسند ہے۔‘
جب این بی سی نیوز نے ان سے وضاحت طلب کی کہ آیا وہ واقعی سنجیدہ ہیں تو ٹرمپ نے کہا، ’میں مذاق نہیں کر رہا،‘ تاہم، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’اس پر بات کرنا ابھی بہت جلدی ہوگی۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا انہیں ایسی کوئی حکمت عملی پیش کی گئی ہے جو انہیں تیسری مدت کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے سکے، تو ٹرمپ نے جواب دیا، ’ایسے طریقے موجود ہیں جن کے ذریعے یہ ممکن ہے۔‘
انہوں نے ایک ممکنہ حکمت عملی کے طور پر کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس صدارتی انتخاب لڑ کر جیتیں اور پھر عہدہ انہیں سونپ دیں۔ تاہم، جب ان سے کسی اور طریقے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا، ’نہیں۔‘
آئینی ترمیم کے ذریعے دو مدت کی حد کو ختم کرنا انتہائی مشکل ہوگا، کیونکہ اس کے لیے کانگریس کے دو تہائی اراکین یا دو تہائی ریاستوں کی منظوری درکار ہوگی، جس کے بعد تین چوتھائی ریاستوں کی توثیق ضروری ہوگی۔
ٹرمپ نے اپنی مقبولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ میں تیسری بار بھی صدر بنوں۔‘
یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے تیسری مدت کے امکان پر بات کی ہو۔ تاہم، ریپبلکن پارٹی کے بیشتر اراکین ان کے ان بیانات کو مزاح یا ان کے ناقدین کو چڑانے کا حربہ سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب، ٹینیسی سے ریپبلکن رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں صدارتی مدت کی حد میں توسیع کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ ٹرمپ کو ایک اور مدت کے لیے انتخاب لڑنے کی اجازت دی جا سکے۔
ادھر، ٹرمپ کے اتحادی اسٹیو بینن نے نیوز نیشن کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹرمپ 2028 میں دوبارہ انتخاب لڑیں گے اور جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے تیسری مدت حاصل کرنے کے لیے ”کئی متبادل طریقے“ موجود ہو سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے بھی ٹرمپ کے بیانات کو مزید تقویت دی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نیویارک میں ٹریفک کنجیشن چارج ختم کرنے کے بعد ایک فرضی میگزین کا سرورق شائع کیا گیا، جس میں ٹرمپ کو تاج پہنے ہوئے دکھایا گیا۔ اس پوسٹ میں ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہے گئے الفاظ دہرائے گئے: ”بادشاہ سلامت زندہ باد!“