ہارورڈ لا اسکول میں انٹرن شپ پروگرام سے متعلق سپریم کورٹ کی وضاحت جاری
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہارورڈ لا اسکول میں انٹرن شپ پروگرام سے متعلق وضاحت جاری کردی۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہارورڈ لا اسکول انٹرن شپ سے سپریم کورٹ کا کوئی تعلق نہیں، کچھ حلقوں کے مطابق سپریم کورٹ انٹرن شپ پروگرام کروا رہی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اس قسم کے کسی پروگرام کی معاونت نہیں کر رہی، ایسے جعلی پروگرام کے حوالے سے معلومات ملنے پر طلبہ رجسٹرار آفس سے رابطہ کریں۔
وضاحت میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ سالانہ انٹرن شپ پروگرام کرواتی ہے، جو باقاعدہ طریقہ کار کے تحت سینئر ججز کی کمیٹی کی نگرانی میں ہوتا ہے۔
سپریم کورٹ میں گذشتہ 5 ماہ میں زیر سماعت مقدمات کی تعداد میں 3ہزار سے زائد کی کمی
دوسری جانب سپریم کورٹ میں گذشتہ 5 ماہ میں زیر سماعت مقدمات کی تعداد میں 3 ہزار سے زائد کیسزکی کمی ہوگئی جبکہ عدالت عظمیٰ میں میں اس وقت 56 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 میں سپریم کورٹ میں زیر التو ا مقدمات کی تعداد 59 ہزار 784 تھی، گزشتہ سال اکتوبر میں 1089 نئے کیسز دائر ہوئے جبکہ1847کیسز نمٹائے گئے۔
اسی طرح گزشتہ سال نومبر میں 1487 نئے کیسز دائر ہوئے اور 2901 کیسز نمٹائے گئے، دسمبر 2024 میں 1115 نئے کیسز دائر ہوئے اور 2458 کیسز نمٹائے گئے، جنوری 2025 میں 1909 نئے کیسز دائر ہوئے اور 2192 کیسز نمٹائے گئے۔
فروری 2025 میں 1394 نئے کیسز دائر ہوئے 2069 کیسز نمٹائے گئے، سپریم کورٹ میں اس وقت 56 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں۔