Aaj News

اتوار, مارچ 30, 2025  
1 Shawwal 1446  

بلوچستان کا 16 روز سے معطل ٹرین کا رابطہ بحال، دہشتگردی کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس پشاور کینٹ سے کوئٹہ روانہ

وفاقی وزیر امیر مقام نے جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ کے لیے روانہ کیا
اپ ڈیٹ 27 مارچ 2025 12:18pm
ویڈیو گریب تصویر
ویڈیو گریب تصویر

بلوچستان سے 16 روز سے معطل ٹرین کا رابطہ بالآخر بحال ہوگیا۔ بولان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے کوئٹہ روانہ ہوگئی۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے ٹرین کے مسافروں کو روانہ کیا اور دعا کی۔

جعفر ایکسپریس ٹرین میں 280 مسافر سوار ہیں، پشاور سے 28 مسافر کوئٹہ کیلئے روانہ ہوئے۔ یہ ٹرین جمعہ کو کوئٹہ سے پشاور واپس جائے گی۔

جعفر ایکسپریس کو قومی پرچم رنگ برنگی جھنڈیوں اور غباروں سے سجایا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین میں 280مسافروں نے ریزرویشن حاصل کی جس میں سے پشاور سے 28 مسافر روانہ ہوئے ٹرین پشاور سے پنجاب اور پھر سندھ کے بعد بلوچستان میں داخل ہوگی۔

34 گھنٹے سفر کے بعد ٹرین کل سہ پہر 5 بجے کوئٹہ پہنچے گی۔ ریلوے حکام کا مزید کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس واحد ٹرین ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے اور مسافروں کو سروس مہیا کرتی ہے ۔

امیر مقام کی میڈیا سے گفتگو

اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے پشاور سے جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ کے لیے روانہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بلوچستان کی ترقی کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی ہوئی ہے اور وزیراعظم اور آرمی چیف ملکی سلامتی کے لیے پُرعزم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کی روانگی ایک اچھا کام تھا لیکن صوبائی قیادت اچھے کام میں شریک نہیں ہوتی 12 سالوں سے اس صوبہ پر بیٹھے ہوئے لوگ صرف اسلام آباد فتح کرنے میں لگے ہیں۔

سانحہ جعفر ایکسپریس: لوک ورثہ میں سانحے کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مصوری مقابلہ، ویمن یونیورسٹی میں امن واک کا انعقاد

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور پاکستان آرمی کی لیڈر شپ میں یہ فیصلہ کیا جا چکا ہے کہ دہشت گردوں کے عزائم کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، خیبر پختونخوا کے عوام نے پہلے بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اب ضرورت ہے کہ سیاست سے بالاتر ہوکر امان بحال کریں۔

امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ باہر کے ایجنڈے کو ریلیف دینے کے لئے پی ٹی آئی اپنا کام کر رہی ہے 12 سالوں سے اس صوبہ پر بیٹھے ہوئے لوگ صرف اسلام آباد فتح کرنے میں لگے ہیں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی پی ٹی آئی کا آپس کا معاملہ ہے

انھوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکج کے نام سے پی ٹی آئی نے اپنے ہی لوگوں میں بندربانٹ کئے۔ افغان ریفیوجیز جو کہ غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں، حکومت کی پالیسی کے تحت جائیں گے۔

کوئٹہ سے سترہ روز بعد ریل سروس کل سے بحال ہوگی

دوسری جانب آج 16ویں روز بھی کوئٹہ سے اندرون ملک کےلئےٹرین سروس معطل ہے، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کل سے ٹرین سروس بحال کر دی جائے گی۔

ریلوے حکام کے مطاق کل سے جعفر ایکسپریس پشاوراور بولان میل کراچی کے لیے چلیں گی، جعفر ایکسپریس پر 11 مارچ کو حملے کے بعد سے ٹرین سروس معطل تھی۔

peshawar

Jaffar Express tragedy

Amir Maqam