Aaj News

اتوار, مارچ 30, 2025  
1 Shawwal 1446  

محکمہ تعلیم سندھ کا حکم، خواتین اساتذہ کو زیادہ میک اپ کرنے، ہائی ہیل اور زیادہ زیورات پہننے سے روک دیا گیا

مرد اساتذہ کے لیے ٹی شرٹ اور جینز پہن کر اسکول آنے سے گریز کرنے کی ہدایت
شائع 26 مارچ 2025 11:37pm
علامتی تصویر بزریعہ اے آئی
علامتی تصویر بزریعہ اے آئی

محکمہ تعلیم سندھ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسکول اساتذہ کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کرلیا ہے، جس میں لباس، رویے اور پیشہ ورانہ اصولوں سے متعلق رہنما اصول دیے گئے ہیں۔

محکمہ تعلیم کی گائیڈ لائن کے مطابق، اساتذہ کو ایسا لباس پہننے کی ہدایت دی گئی ہے جو پیشہ ورانہ اقدار اور ثقافتی احترام کی عکاسی کرے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق خواتین اساتذہ کو زیادہ میک اپ اور زیورات پہننے سے اجتناب برتنے اور ہائی ہیلز کے بجائے روایتی لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ مرد اساتذہ کے لیے ٹی شرٹ اور جینز پہن کر اسکول آنے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

ضابطہ اخلاق کے تحت، اسکول کے احاطے میں گٹکا، نسوار، ماوا، سگریٹ اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، اساتذہ کو طلبہ سے ذاتی کام کروانے اور جسمانی سزا دینے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اساتذہ کو اسکول انتظامیہ اور دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملے سے احترام کے ساتھ پیش آنے اور مثبت و پیشہ ورانہ لہجہ اپنانے کی تاکید کی گئی ہے۔ مزید برآں، طلبہ کے ساتھ پیشہ ورانہ حدود برقرار رکھنے اور کسی قسم کی جانبداری یا امتیازی سلوک سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ تمام طلبہ کو مساوی برتاؤ حاصل ہو۔

Pakistani School Teachers

Rules for Teachers