دبئی حکومت کا بڑا اقدام، فری زون کمپنیوں کو پورے ملک میں کام کی اجازت
دبئی حکومت نے فری زون میں قائم کمپنیوں کو پورے ملک میں کام کرنے کی اجازت دے دی، جس سے کاروباری رکاوٹیں ختم ہو گئیں۔ اب یہ کمپنیاں آزادی کے ساتھ یو اے ای کے دیگر علاقوں میں بھی کاروبار کر سکیں گی۔
حالیہ اعلان کے مطابق، کسی بھی فری زون کا لائسنس رکھنے والی کمپنی یا ادارہ دبئی ڈپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹوئرزم سے لائسنس یا پرمٹ حاصل کرکے فری زون کے باہر بھی کام کر سکے گا۔ اس سے قبل فری زون کمپنیاں صرف اپنے مخصوص زون یا یو اے ای سے باہر کاروبار کرنے کی مجاز تھیں۔
دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمد کے اس فیصلے کو مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔ قانونی ماہر کمال جبار نے کہا کہ پہلے فری زون کمپنیاں ساحل تک محدود کشتیوں کی مانند تھیں، جو اپنے مخصوص زون میں ترقی کر رہی تھیں لیکن ملک بھر میں مواقع سے محروم تھیں۔ اب وہ براہ راست اپنے کلائنٹس کے ساتھ کام کر سکتی ہیں، جو ایک بڑی کاروباری پیش رفت ہے۔
دبئی کے باہر کاروبار کرنے کے خواہشمند اداروں کو متعلقہ علاقے کی مقامی انتظامیہ سے ایک سال کے لیے لائسنس اور پرمٹ حاصل کرنا ہوگا، جس میں بعد میں توسیع کی جا سکے گی۔
ماہرین کے مطابق، دبئی حکومت کے اس اقدام سے خطے میں اپنے ہیڈکوارٹرز قائم کرنے کی خواہشمند ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے دبئی مزید پرکشش بن جائے گا، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔