ڈی آئی خان: گلی کو پختہ کرنے پر رشتہ دار لڑ پڑے، گولیاں چل گئیں، 4 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں گلی کو پختہ کرنے پر رشتہ دار لڑ پڑے اور ایک دوسرے پر گولیاں چلادیں، فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق تحصیل پہاڑپور کے گاوں بگوانی شمالی میں گلی کی پختگی اور مرمت پر رشتہ داروں کا آپس میں جھگڑا ہوگیا۔
جھگڑے کے دوران فریقین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلادیں، فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مرنے والوں میں غلام یاسین، محمد امیر، ثنا اللہ اور نصر اللہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں محمد ساجد، عاصم، رمضان اور احمد سعید شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی گروپ سے بتایا جا رہا ہے۔