Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

پی ٹی آئی سے مذاکرات: حکومت نے بلاول بھٹو کی ثالثی قبول کر لی، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے پر آمادگی

پیکا قانون کے ممکنہ غلط استعمال کے حوالے سے مذاکرات کیے جا سکتے ہیں رانا ثناء اللہ
شائع 16 گھنٹے پہلے

وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کے لیے آمادہ کرنے کی غرض سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ثالثی کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ حکومت نے بات چیت کی ذمہ داری بھی بلاول بھٹو کو سونپ دی ہے۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ملک و قوم کے مفاد میں تمام جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت اور اپوزیشن دونوں سے بات چیت کرنے کی پوزیشن میں ہے اور وہ جماعتیں جو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں تھیں، انہیں بھی انگیج کرنے کو تیار ہیں۔

اپوزیشن اتحاد پر تحفظات ہیں، بلوچستان کو ترجیح ملی تو ساتھ دے سکتے ہیں: اختر مینگل

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالات تشویشناک ہیں، اس لیے تمام جماعتوں اور پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

جس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اگر بلاول بھٹو پی ٹی آئی سے اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو مذاکرات کی راہ ہموار کر لیتے ہیں اور اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی لے لیتے ہیں تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پیکا قانون ناگزیر ہے، تاہم اس کے ممکنہ غلط استعمال کے حوالے سے مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔

Rana Sanaullah

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Government Talks