Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

جیل انتظامیہ نے پیغام دیا عید پر بھی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوگی، علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی سے مرضی کے لوگوں کی ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں جبکہ جو لوگ واقعی ان سے ملنا چاہتے ہیں، انہیں اجازت نہیں دی جا رہی، علیمہ خان
شائع 20 گھنٹے پہلے

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکایت کی کہ انہیں اور ان کی دیگر بہنوں کو اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی کی فیملی کی ملاقات کرا دیگئی۔

علیمہ خان نے کہا کہ آج فیملی کی ملاقات کا دن تھا، مگر انہیں اور ان کی دو بہنوں کو اجازت نہیں دی گئی اور ڈھائی گھنٹے جیل کے اندر انتظار کرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل انتظامیہ نے پیغام دیا ہے کہ عید پر بھی ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھا جا رہا ہے اور ان پر بنائے گئے جعلی مقدمات کو غیر ضروری طور پر طول دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی ایک بار بتا دے وہ بانی سے کیا چاہتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ وہ بہت مضبوط ہیں۔

بابر اعوان کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے پر اڈیالہ جیل کے گیٹ پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا ہنگامہ

علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وکلاء سے ملاقات میں بلوچستان کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کی حکومت نے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واحد حل بات چیت ہے، بانی پی ٹی آئی سے مرضی کے لوگوں کی ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں جبکہ جو لوگ واقعی ان سے ملنا چاہتے ہیں، انہیں اجازت نہیں دی جا رہی۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ انصاف فراہم کرنا عدالتوں اور ججز کی ذمہ داری ہے اور انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ عدلیہ کی ساکھ متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک ہزار کارکن 26 نومبر کے بعد سے جیلوں میں ہیں، اور وہ اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے قید کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ ایک عدالت ضمانت دیتی ہے، تو دوسری عدالت کسی اور مقدمے میں طلب کر لیتی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہم اپنے اسیروں کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں، وہ کریں گے۔

imran khan

Aleema Khan