بنگلا دیشی کرکٹر تمیم اقبال کو دوران میچ دل کا دورہ، اسپتال داخل
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال کو ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران دل کے دورہ پڑا ہے، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق واقعہ محمڈن اسپورٹنگ کلب اور شائن پوکر کرکٹ کلب کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔ بنگلہ دیشی کرکٹرکی طبیعت انتہائی ناساز تھی اور انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔
’روزہ رکھا ہے اسی لئے زبان پر قابو ہے۔۔۔‘ شعیب اختر کو وریندر سہواگ کی رٹ پر غصہ آگیا
واقعہ اس وقت پیش آیا جب تمیم میچ سے پہلے ٹاس کے لیے باہر گئے اور شائن پوکر کی اننگز کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انہیں سینے میں درد محسوس ہوا۔ طبی ٹیم ان کے پاس پہنچی اورانہیں اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
محمڈن کے اہلکار نے بتایا، تمیم اس وقت اسپتال میں داخل ہیں، اور ان کی حالت اتنی سنگین تھی کہ انہیں ہیلی کاپٹر میں منتقل نہیں کیا جا سکا۔ انہیں شیخ فضل النساء مجیب میموریل اسپیشلائزڈ اسپتال لے جایا گیا۔
یاد رہے کہ تمیم اقبال ٹورنامنٹ میں شاندار فارم میں تھے اور چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 7 میچوں میں 73.60 کی اوسط اور 102.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 368 رنز اسکور کیے، جن میں 2 سنچریاں شامل ہیں۔
رواں ماہ مارچ میں، تمیم نے محمڈن کو پارٹیکس اسپورٹنگ کلب کے خلاف ناقابل شکست 125 رنز کی اننگز کے ذریعے فتح دلائی۔ اسی طرح برادرز یونین کے خلاف بھی انہوں نے 96 گیندوں پر 105 رنز بنائے، جس کی بدولت ان کی ٹیم نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
اس سال جنوری میں، تمیم اقبال نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کو مسترد کرتے ہوئے دوسری بار بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2025 میں فارچون باریشال کی قیادت کی، جہاں 14 میچوں میں 4 نصف سنچریوں کے ساتھ 413 رنز اسکور کیے۔