عدالت نے 4 مقدمات میں سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے روک دیا
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کے خلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات کے معاملے میں انسداد دہشتگردی عدالت نے 4 مقدمات میں سلمان اکرم راجا کی گرفتاری روک دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سلمان اکرم راجہ کی 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے 4 مقدمات میں سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے روکتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، سلمان اکرم راجہ کی جانب سےحاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت نے حاضری سے استثنا کی درخواست منظورکرتے ہوئے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔
بشری بی بی کیخلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات کا معاملہ، ضمانت میں توسیع
دوسری جانب اے ٹی سی اسلام آباد کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 26 نومبراحتجاج کے معاملے پر شہریار آفریدی، شیرافضل، عبدالقیوم نیازی، رؤف حسن عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے چاروں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 مئی تک توسیع کر دی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں میں زرتاج گل، عالیہ حمزہ اورکنول شوزب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی دائر ہوئیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما مشعال یوسفزئی، نادیہ خٹک، فلک ناز چترالی عدالت میں پیش ہوئیں۔
اے ٹی سی اسلام آباد میں علی بخاری ، عمیر نیازی، تیمور جھگڑا کی ضمانتوں میں توسیع کررتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ضمانت کی جتنی درخواستیں آچکی ہیں سب کو اکٹھا سنا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں پر تھانہ ترنول، سیکرٹریٹ ، کوہسار سمیت دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔