Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

حماس کے سینئر رہنما صلاح البردویل اہلیہ سمیت اسرائیلی حملے میں شہید

وہ حماس کے سرکردہ رہنما اور فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن بھی تھے
شائع 3 دن پہلے

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینئر رہنما صلاح البردویل اپنی اہلیہ سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے، دونوں پناہ گزین خیمے میں موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری ہے اور حملوں میں کئی فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے مختلف حصوں میں شدید بمباری کی ہے جن میں کم از کم 35 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

خون کے پیاسے نیتن یاہو نے غزہ پر پھر آگ برسادی، جنوبی لبنان پر بھی وحشیانہ حملے شروع کردیے

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی بیورو کے رہنما صلاح البردویل اہلیہ سمیت شہید ہوگئے، وہ حماس کے سرکردہ رہنما اور فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن بھی تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ حملہ خان یونس کے علاقے مواسی میں اس وقت ہوا جب البردویل اور ان کی اہلیہ رمضان کی 23ویں شب کے موقع پر نماز ادا کر رہے تھے۔ وہ جنگ کے دوران اسی پناہ گاہ میں مقیم تھے۔

دوسری جانب غزہ جنگ کے دوبارہ آغاز اور سکیورٹی ایجنسی چیف کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہفتے کی شب ہزاروں افراد نے تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کے دفتر کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی شِن بیت کے سربراہ کو عہدےسے ہٹانےاور مغویوں کی واپسی کے بجائے غزہ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے نیتن یاہو حکومت کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کیا۔

واضح رہے نیتن یاہو نے چند دن قبل شِن بیت کے سربراہ رونن بار کو عہدے سے برطرف کردیا تھا مگر بعد ازاں اسرائیل کی سپریم کورٹ نے نیتن یاہو حکومت کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

Gaza

killed

ISRAELI ATTACKS

Senior Hamas leader

Salah al Bardawil

War and Conflicts