ٹرمپ کے صدارت سنبھالنے پر نوکری چھوڑنے والی سابق امریکی اٹارنی گھر میں مردہ پائی گئیں
ورجینیا کے مشرقی ضلع کی سابق امریکی اٹارنی جیسیکا ایبر ہفتے کے روز اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ حکام کے مطابق 43 سالہ وکیل، جنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد جنوری میں استعفیٰ دیا تھا، ان کی لاش ورجینیا کے شہر الیگزینڈریا میں ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی موت کے حالات کی تحقیقات جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا، ’آج صبح تقریباً 9 بج کر 18 منٹ پر، الیگزینڈریا پولیس کو بیورلی ڈرائیو کے 900 بلاک میں ایک بے ہوش خاتون کی اطلاع ملی۔ جب افسران موقع پر پہنچے تو انہیں ایک خاتون مردہ حالت میں ملی۔‘
بھارت کا بیلجیئم سے ہیروں کے مفرور تاجرمیہُل کی حوالگی کا مطالبہ
ورجینیا کے چیف میڈیکل ایگزامینر کا دفتر موت کی وجوہات اور طریقہ کار کا تعین کرے گا۔
ورجینیا کے مشرقی ضلع کے موجودہ امریکی اٹارنی ایرک ایس سیبرٹ نے جیسیکا ایبر کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، ’ان کی موت کی خبر سن کر مجھے ناقابل بیان صدمہ پہنچا ہے۔ وہ ایک غیرمعمولی لیڈر، سرپرست اور وکیل تھیں، اور بطور انسان ان کا کوئی متبادل نہیں۔ ہم ان کی مختصر مگر شاندار زندگی میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر حیران ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، وقار اور قانونی بصیرت ایک معیار قائم کر چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’اگرچہ ہم ان کے نقصان سے تباہ حال ہیں، لیکن ورجینیا کے مشرقی ضلع میں ہر ایک شخص ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرے گا۔ جیسیکا ہائی اسکول سے لے کر کالج اور اپنے پورے کیریئر تک ورجینیا سے وابستہ رہیں۔ وہ EDVA (ورجینیا کے مشرقی ضلع) سے محبت کرتی تھیں، اور یہ محبت دوطرفہ تھی۔ ہم ان کے مشن، یعنی انصاف کے حصول کے عزم پر کاربند رہیں گے، جیسا کہ وہ چاہتی تھیں۔‘
صدر ٹرمپ نے محکمہ تعلیم بند کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے
جیسیکا ایبر کون تھیں؟
جیسیکا ایبر کو اگست 2021 میں اس وقت کے صدر جو بائیڈن نے ورجینیا کے مشرقی ضلع کے لیے امریکی اٹارنی نامزد کیا تھا۔
انہوں نے 2009 میں بطور اسسٹنٹ امریکی اٹارنی EDVA میں شمولیت اختیار کی اور مالی دھوکہ دہی، سرکاری بدعنوانی، پرتشدد جرائم اور بچوں کے استحصال سے متعلق مقدمات کی پیروی کی۔
2015 سے 2016 تک، وہ محکمہ انصاف کے کرمنل ڈویژن کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی مشیر کے طور پر کام کرتی رہیں۔ 2016 سے امریکی اٹارنی بننے تک، وہ EDVA کے کرمنل ڈویژن میں ڈپٹی چیف کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔