Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا
اپ ڈیٹ 3 دن پہلے

ملک بھر میں یومِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ نماز فجر میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ملک بھر میں’’یوم پاکستان‘’ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فضا پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

تقریب میں سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے، جبکہ ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی مہمان خصوصی تھے، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے پریڈ کا معائنہ کیا، ایئر فورس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔

مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے و فاتحہ خوانی کی اور مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے تاریخی دن یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کہ وہ جذبہ جس نے پاکستان کو وجود بخشا، ہمیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے، پاکستان کو آج سیاسی ، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی جیسے عفریت کا مقابلہ کر رہے ہیں، بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے بڑی قربانیاں دے رہی ہیں، اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے ثابت قدم رہیں گے، ہمارا سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں، مسلح افواج، سکیورٹی ادارے ملکی خودمختاری اور استحکام کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام ہے۔

ایوان صدر میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب، مسلح افواج کی پریڈ، شیردل فارمیشن کا فلائی پاسٹ

یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے پریڈ کا حصہ تھے، آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، قومی پرچم کو سلامی دی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کی آمد پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں پہنچے ، بگل بجا کر اعلان کیا گیا، صدر مملکت نے استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان اسٹیج پر موجود رہے۔

یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔

تقریب میں غیرملکی سفرا سمیت اہم شخصیات کی شرکت کی ، وزیردفاع خواجہ آصف، وفاقی وزرا اورارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

صدر مملکت کا یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقد مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب

یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقد مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم پاکستان کی تقریب کے شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 23 مارچ کا دن پاکستانی قوم کیلئے بہت اہم ہے، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ قوم اور افواج مادر وطن کیلئے کبھی کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو ہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، فتنہ الخوارج اور دیگر؎ دہشتگردتنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوام اور مسلح افواج ساتھ کھڑے ہیں، فتنہ الخوارج اور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم ناکام بنا دیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں اس کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا، ہمارے اندر مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیتیں ہیں، ہم ایک با حوصلہ قوم ہیں، مشکلات سے نہیں گھبراتے، اندرونی وبیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے جیوپولیٹیکل چیلنجز کا سامنا ہے، مسلح افواج کے جوان بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں، سرحدوں کی حفاظت کو ہمیشہ یقینی بنائیں گے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی حفاظت کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، اپنی نوجوان نسل کیلئے روزگار پیدا کریں گے، نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو کبھی نہیں بھولے، مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی دہشتگردی کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر کے غیورعوام سے بھرپوراظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیریوں کی بےلوث قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم حق خود ارادیت کیلئے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائیں گے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی قوم کو مبارکباد

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو یومِ پاکستان کی 85 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں یوم پاکستان کے موقع پر سروسز چیفس نے کہا کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے، ایک ایسا دن جس نے بطور قوم ہمارے وژن کو اجاگر کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ قوم جمہوریت کے جھنڈے تلے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے، پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ چوکس اور ثابت قدم ہیں، مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت، وطن کی خودمختاری کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج کا پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار ملک اور پرعزم رکن کے طور پر کھڑا ہے، پاکستان امن، استحکام اور تعاون کی وکالت کرتا ہے، یقینی بنائیں گے کہ پاکستان دنیا میں ہم آہنگی کا مینار بنا رہے، ہر قیمت پر پاکستان کی حفاظت کریں گے۔

pakistan army

President Asif Ali Zardari

23 March Pakistan Day