پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نمایاں ترقی، ملبوسات کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ کا دعویٰ
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایک سال میں پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور ملبوسات کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ پر غور کیا گیا، جس میں انڈسٹری کی ترقی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستانی ملبوسات کی برآمدات 6.2 ارب ڈالرز کی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت بحران کا شکار، 40 فیصد اسپننگ ملز بند
وزیر تجارت نے کہا کہ برآمدات میں مزید استحکام کے لیے ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر آ چکا ہے، جدید ٹیکنالوجی، معیاری بیج اور میکانائزڈ فارمنگ کے ذریعے اس کی پیداوار میں مزید اضافہ ممکن ہے۔
وزیر اعظم نے چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دے دی
اجلاس میں برآمدات بڑھانے کے لیے قلیل، درمیانی اور طویل مدتی ورک پلان کی تیاری مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت برقرار رکھی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لیے برآمدات میں مزید اضافہ ناگزیر ہے، اور حکومت اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔