پانی کاضیاع روکنےکیلیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، صدر اور وزیر اعظم کا ارتھ آوراور عالمی یوم آب پر پیغام
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اقدامات کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، توانائی شعبے کے مسائل سے پاکستان کی معیشت اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
صدر آصف زرداری نے ارتھ آور اورعالمی یوم آب 2025 پر پیغام میں کہا ہے کہ ارتھ آور پر غیر ضروری لائٹس بند کرنا توانائی کے استعمال اور کاربن فٹ پرنٹ کم کرنے کے عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، توانائی شعبے کے مسائل سے پاکستان کی معیشت اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ توانائی کے محفوظ مستقبل کے لیے بجلی، ایندھن کی بچت اور قابل تجدید توانائی کا فروغ ضروری ہے۔ بجلی بچانے، توانائی اور ایندھن بچانے والے آلات کے استعمال، پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ رواں سال ارتھ آور عالمی یوم آب 2025 کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ، فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ صاف اور پینے کیلئے محفوظ پانی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب موسمیاتی تبدیلی کے ہمارے ملک پر مہلک اثرات کی واضح مثال ہیں۔ آبی ذخائر کے تحفظ اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈرپ ایریگیشن، بارش کے پانی کو محفوظ کرنا اور پانی کے ضیاع کو روکنا زرعی ترقی کے لیے لازم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ صنعتوں اور گھریلو سطح پر پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔ پاکستان ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے تحفظ اور آبی وسائل کی پائیداری کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی، ایندھن اور پانی کے تحفظ کے لیے ہر پاکستانی کو ذمہ داری لینا ہوگی۔ پائیدار طرز زندگی اپنا کر ہم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔
عالمی بحران فوری اور اجتماعی اقدام کا متقاضی ہے، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے ارتھ آور ڈے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ہماری آبی زمینیں جنگلات سے تین گنا زیادہ تیزی سے ختم ہو رہی ہیں، عالمی بحران فوری اور اجتماعی اقدام کا متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جوموسمیاتی عمل کو مربوط کرتی ہیں۔ ریچارج پاکستان جیسے پروگرام ماحولیاتی نظام کو بحال کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ آب و ہوا کے خطرے سے دوچار ممالک میں شامل ہے۔ ہم نے تباہ کن سیلابوں، شدید گرمی اور طویل خشک سالی کا مشاہدہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ ارتھ آور مہم کا حصہ بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ زمین کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ایک گھنٹہ لائٹس اور برقی آلات بند کرنے کا مقصد شعور اجاگر کرنا ہے۔
پانی کا ضیاع روکنے کیلئے عوامی شعور بیدار کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پانی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پانی زندگی کی علامت اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی پانی کے ضیاع سے منع فرمایا۔
مریم نواز نے کہا کہ پانی ایک نعمت ہے، جس کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پانی کی ہر بوند قیمتی ہے۔ روزمرہ زندگی میں پانی کا ضیاع روکنے کیلئے عوامی شعور بیدارکرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی، موسمیاتی تبدیلیوں، بےاحتیاطی کے باعث آبی ذخائر کم ہو رہے ہیں، آبی ذخائر کے تحفظ کیلئے اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلیں پانی کی قلت کا شکار ہو سکتی ہیں۔ پانی کے مناسب استعمال،تحفظ کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بارشی پانی کے ذخائر، زیر زمین ٹینک بنا کر آبپاشی کے لیے استعمال میں لایا جا سکتا ہے، پانی بچائیں یہ عمل کرنے کا وقت ہے، آئندہ نسل کی بقا کے لئے پانی ذمہ داری سے استعمال کریں۔