Aaj News

اتوار, مارچ 23, 2025  
22 Ramadan 1446  

پیپلز پارٹی کا 6 کینال منصوبے کیخلاف 25 مارچ سے احتجاج کا اعلان

متنازعہ کینالز کیخلاف جلسے اور گلی گلی احتجاج کریں گے، نثار کھوڑو
شائع دن پہلے

پاکستان پیپلز پارٹی نے 6 کینال منصوبے کے خلاف 25 مارچ سے احتجاج کا اعلان کردیا، سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں،مظاہرے کیے جائیں گے۔

کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں وقار مہدی اور عاجز دھامراہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے 6 کینال منصوبے کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منگل 25 مارچ کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں نکالی جائینگی اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کینال منصوبے کے خلاف جلسے بھی کریں گے اور گلی گلی احتجاج کریں گے۔

نثارکھوڑو نے کہا کہ متنازعہ کینال منصوبہ غیر قانونی ہے جس کو بننا نہیں چاہیئے، پیپلز پارٹی 6 کینالز کے منصوبے کے خلاف تمام آئینی فورمز، ایوانوں اور سڑکوں پر جدوجہد کرے گی۔

پیپلز پارٹی نے 9 ارب روپے کے بدلے سندھ کے دریا کا پانی اور عوام کے حقوق بیچ دیے، محمد علی درانی

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی آئینی فورم پر منظوری کے بغیر چولستان کینالز کی تعمیر کا کام شروع کرا کے وفاقی حکومت نے آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے۔

انہوں نے کہا ماضی میں آمر پرویز مشرف نے آئینی فورمز کی منظوری کے بغیر تھل کینال تعمیر کروایا اور اب ن لیگ کی وفاقی حکومت چولستان کینال سمیت 6 کینال منصوبے پر آمرانہ کردار ادا کر رہی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا پنجاب حکومت نے چولستان کینال سمیت متنازعہ کینالوں کے لیے بجٹ میں رقم مختص کر کے غیر آئینی کام کیا، 6 کینالوں کے منصوبے کی کسی بھی آئینی فورم سے منظوری نہیں ہوئی تو پھر چولستان کینال کی تعمیر شروع کرنا اور رقم مختص کرنا وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کا غیر آئینی اقدام ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے مزید کہا پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر کسی کو بھی کینال نکالنے نہیں دے گی، سندھ میں کینال منصوبے کے خلاف ہر مکتبہ فکر کے لوگ احتجاج کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آؤ مل کر ان کینالوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کریں، سیاسی جماعتوں سے شکوہ ہے کہ وہ پیپلز پارٹی پر تو تنقید کر رہے ہیں مگر کینال منصوبے کے خلاف کوئی ریلیاں نہیں نکالی۔

نثار کھوڑو نے کہا پیپلز پارٹی کینالوں کے منصوبے کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کے لیے تیار ہے جس کے لیے تمام سیاسی، قوم پرست جماعتوں، وکلا اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں سے رابطے کر کے لائحہ عمل مرتب کریں گے، کینالوں کے خلاف ایک آواز اثر کرے گا، چولستان کینال منصوبہ کالاباغ ڈیم سے بھی زیادہ خطرناک ہے جس سے سندھ بنجر بن جائے گا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ جس طرح ماضی میں ن لیگ کی حکومت کو کالاباغ ڈیم سے دستبرداری کا اعلان کرنا پڑا اسی طرح موجودہ ن لیگ کی حکومت کو ان 6 کینال منصوبوں سے دستبرداری کا اعلان کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینالوں کے معاملے کو آصف زرداری نے وفاقی حکومت کا یکطرفہ فیصلہ قرار دے کر یہ ثابت کیا کہ وہ کینالوں کے معاملے میں ملوث نہیں۔

دریائے سندھ پر کینال کا معاملہ: پیپلز پارٹی کا طاقتور حلقوں اور وفاق کو عوامی طاقت سے جواب دینے کا فیصلہ

نثار کھوڑو نے کہا چولستان کینال سمیت 6 کینالوں کا منصوبہ ایکنک سمیت کسی آئینی فورم سے منظور نہیں کیا گیا، سندھ اسمبلی میں 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، کینالوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی پر الزام لگا کر قومی حکومت بنانے کی سازش ہو رہی ہے تاکہ جمہوری حکومت ختم ہو اور قومی حکومت بنے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فواد چوہدری قومی حکومت بننے کا اشارہ دے چکے ہیں، پرویز مشرف نے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت گریٹر تھل کینال بنایا جس کی پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں نے مخالفت کی اور اب آمریت کا دور نہیں ہے۔

علی خورشیدی نے دوران تقریر پیپلز پارٹی کی دھجیاں اڑادیں

دوسری جانب ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے دوران تقریر پیپلز پارٹی کی دھجیاں اڑادیں۔

انہوں نے کہا کہ پری بجٹ ڈسکشن اینٹی کینال بحث میں تبدیل ہوگئی، پچھلے 17 سالوں سے کراچی کو پانی کا حق نہیں مل رہا، کیا یہ ٹھیکہ صرف ایم کیو ایم کا ہے؟ کیا کراچی آپ کا نہیں ہے۔

علی خورشید نے مزید کہا کہ 9 ماہ گزر گئے بعض محکموں نے ایک ڈھیلا خرچ نہیں کیا، اسکیموں کے پیسے جاری ہونے کے بعد بھی خرچ صفر ہوتا ہے یہ یہ سرکاری بابووں کا قصور ہے جو ایم پی ایز کو چائے بسکٹ پر گھماتے ہیں۔

Indus River

nisar khuhro

Pakistan People's Party (PPP)

Canalas project

Canals on Indus River