چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے بورڈ کو کوئی نقصان نہیں ہوا، عامر میر کی وضاحت
پی سی بی چیئرمین کے ایڈوائزرعامرمیر نے وضاحت دی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے بورڈ کو کوئی نقصان نہیں ہوا، چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی کا 70ملین ڈالر کا بجٹ تھا۔
لاہورمیں پی سی بی چیئرمین کے ایڈوائزرعامرمیر نے پی سی بی کے سی ایف او جاوید مرتضی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے بورڈ کو کوئی نقصان نہیں ہوا، چیمپئنزٹرافی کے لیے آئی سی سی کا 70 ملین ڈالر کا بجٹ تھا۔
عامر میر نے کہا کہ بورڈ نے کوئی رقم خرچ نہیں کی، چیمپئنز ٹرافی آئی سی سی کا ایونٹ تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کو نقصان ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ایڈوائزر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتا رہتا ہے، بھارت کا پروپیگنڈا بے نقاب کرنے کے لیے حقائق بیان کرنا ضروری ہیں، محسن نقوی کے آنے کے بعد بورڈ کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔
جاوید مرتضی
اس موقع پرپاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ایف او جاوید مرتضی نے نیوز کانفرنس میں بتاہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوا، بورڈ کو تین ارب منافع کا تخمینہ ہے۔
جاوید مرتضی نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا ہم کوئی بھی بڑا ایونٹ کروا سکتے ہیں، پی سی بی نے کامیابی سے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کروایا۔