وزیراعظم کا دورہ: سعودی عرب کا پاکستان کو رواں سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل دینے کا اعلان
سعودی عرب نے پاکستان کو رواں سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل دینے کا اعلان کردیا، فروری 2026 تک ہر ماہ 10 کروڑ ڈالر کا تیل دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب میں اہم اعلان متوقع ہے، سعودی عرب اس سال پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل دے گا، سہولت رواں ماہ سے حاصل ہوگی، ہر ماہ 10 کروڑ ڈالر کی سہولت فروری 2026 تک حاصل رہے گی۔
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں تجارتی و عسکری تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مضبوط دو طرفہ تعلقات اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات
قبل ازیں ریاض کے شاہی محل میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوں گے۔
دونوں اطراف نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی رہنمائی میں پاکستان سعودی عرب شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے تو گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے استقبال کیا۔ بعد ازاں مکہ پہنچنے پر نائب گورنر سعود بن مشال نے ان کا استقبال کیا جبکہ وزیراعظم عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔
وزیراعظم کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد سے آج ریاض میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے تعمیری گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، یوکرین میں امن کے لئے سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے، دو طرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، سعودی عرب کے مسلسل تعاون پرسعودی ولی عہدکےمشکور ہیں۔
وزیراعظم کی مسجد نبوی میں حاضری
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب دورے پر ہیں۔ وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے۔ گورنر مدینہ عزت مآب شہزادہ سلمان بن سلطان نے وزیراعظم کا ایئر پورٹ پراستقبال کیا۔
وزیراعظم نے مسجد نبوی میں حاضری دی اور وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔ امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی۔