آئی سی سی کی نئی ٹی20 رینکنگ میں بابر اور شاہین کی نئی پوزیشن کیا ہے؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 فارمیٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کے بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی مزید تنزلی ہوگئی۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم ایک درجے تنزلی کے باعث اب 8ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 6 درجہ تنزلی کے بعد 30ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آئی سی سی کی ٹی 20 بیٹرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ بھارت کے ابھیشیک شرما دوسرے اور انگلینڈ کے فل سالٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے تلک ورما چوتھے اور بھارت کے ہی سوریا کمار یادو پانچویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ انگلینڈ کے جوز بٹلر چھٹے، سری لنکا کے پاتھم نسانکا ساتویں، پاکستان کے بابراعظم آٹھویں، محمد رضوان نویں اور سری لنکا کے کوشل پریرا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ 20 درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن بھی 8 درجے ترقی کے بعد 18 ویں نمبر پر آگئے۔
دوسری جانب بولنگ کی بات کریں تو آئی سی سی ٹاپ 20 میں کوئی پاکستانی بولر موجود نہیں، ٹاپ 30 میں پاکستانی بولر حارث رؤف 4 درجے ترقی کے بعد 26 ویں نمبر پر اور شاہین آفریدی 6 درجے تنزلی کے بعد 30 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی 20 بولرز میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کا پہلا نمبر ہے جبکہ پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 20 میں شامل نہیں۔
اس کے علاوہ ٹی 20 آل راؤنڈرز میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔