وزیراعظم شہبازشریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم شہبازشریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید اور دیگر سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ سمیت دیگر امور پر گفتگو کی جائے گی ۔
وزیراعظم عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے جبکہ شہبازشریف روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔
قبل ازیں دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، معاشی تعاون بڑھانا اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے۔
اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اہم وفاقی وزرا اور سینئر سرکاری افسران بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران مشرق وسطی اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیل سے بات چیت کی جائے گی تاکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جا سکے۔