دشمنوں نے پاکستان پر وار کیا ہے تو جواب بھی دیا جائیگا، حنیف عباسی
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دشمن نما لوگوں کو قوم اور دنیا نے پہچان لیا اگر یہ چھپ کر افغانستان جائینگے تو وہاں انہیں گھس کرماریں گے، ایم ایل ون کا سنتے سنتے کان پک گئے ہیں اگر کوئی تعاون کرے گا تو ٹھیک ورنہ ہم اپنے وسائل سے کراچی سے پشاور تک ٹریک کو ڈبل کریں گے۔
لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان یا ہندوستان ہو ان کےخلاف بھرپورآپریشن جاری رہے گا۔ جعفر ایکسپریس کا اتنا بڑا حادثہ ہوگیا اورخاص طبقہ جن کا لیڈرجیل میں ہے وہ تماشہ بنا رہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ دشمنوں نے پاکستان پر وار کیا ہے تو جواب بھی دیا جائیگا، غیر ملکی طاقتیں جس طرح کا کھیل کھیل رہی ہیں اسی طرح سے انہیں منہ توڑ جواب دیا گیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریاستی دشمن لیبیا شام کی طرح کرنا چاہتے ہے۔ ایک خاص طبقے نے طے کر لیا کہ بیرونی ملک جا کر پاکستان کے خلاف بات کرنا ہیں۔ دشمن کے ایجنڈے پر چلنے پر گاڑی اور مال ملتا ہے۔ یہ جس ملک میں جائیں گے ان کا پیچھا کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ بی ایل اے کے ایکشن کی دنیا مذمت کررہی ہے، اندر موجود کالی بھیڑوں نے اس سانحہ کو مذاق اور طنز بنانے کی کوشش کی ہے لیکن اب کوئی ایسی جرات نہیں کرے گا۔ چوبیس گھنٹے میں کوئٹہ ریلوے ٹریک بحال ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کیلئے ٹرینوں کی بروقت ٹائمنگ، صفائی، کھانے کا معیار مد نظر رکھیں گے، شورکوٹ سے تھرتک ایک نئی لائن بچھائی جا رہی ہے جو 31 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ گوادر اور کراچی اور پھر کوہاٹ سے آگے لیکر جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں تاجکستان تک اس ریل پر سفر کریں، ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں صوبوں کی نمائندگی کریں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ ریاست کا فیصلہ ہے۔ پاکستان کے ظاہر اورچھپے ہوئے دشمن کا خاتمہ کریں گے۔ٹریک کی جو صورت حال ہے وہ راتوں رات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ لاہورریلوے اسٹیشن کو آوٹ سورس کریں گے۔
حنیف عباسی نے کراچی تا پشاور ٹریک ڈبل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون کا سنتے سنتے کان پک گئے ہیں اگر کوئی تعاون کرے گا تو ٹھیک ورنہ ہم اپنے وسائل سے کراچی سے پشاور تک ٹریک کو ڈبل کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریل کی اسپیڈ تک تیز ہونی چاہیئے، آئی جی ریلوے کو پٹری کی چوری، اسمگلنگ کو روکنے کا ٹاسک دیا ہے۔