سیہون میں اسکول پر حملہ، مسلح افرادکی فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی
سیہون میں اسکول پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا، دوران امتحان فائرنگ کی، جس سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی، طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، مسلح افرادنے اسکول میں موجود موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق سیہون شریف میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں زمین کے تنازعہ پر استاد پر فائرنگ کی گئی،اس دوران موٹر سائیکلوں اور اسکول کے دروازوں کو بھی توڑا گیا، مسلح ملزمان استاد کو ہراساں کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔
سیہون شریف کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول سیہون میں دوران امتحانات مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، 9 سے زائد ملزمان نے اسکول کے اندر گھس کر فائرنگ اور موٹر سائیکل سمیت کمروں کے دروازے توڑ ڈالے۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر با آسانی فرار ہوگئے۔
واقعہ کے دوران اسکول عملے کی مداخلت پر سیدھی فائرنگ کرنے اور گالم گلوچ کی ویڈیوز آج نیوز کو موصول ہوگئی ہیں، وزیرِاعلیٰ سندھ کے اپنے آبائی شہر سیہون میں واقعہ پر سوگ و غم کا سماں ہے۔
واقعہ کے بعداساتذہ نے اسکول کے مرکزی گیٹ کے سامنے شدید احتجاج کیا اور ریلی کی صورت میں پولیس اسٹیشن سیہوں پہنچ گئے۔
متاثرہ استاد پیر محمد رند کا کہنا تھا کہ اسکول کے اندر مجھ پر حملہ ہوا، جس میں ملوث 9 ملزمان کی شناخت کرلی ہے،
ادھر ڈی ایس پی سیہون احمد بخش راہوجو نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے پرانے زمین کے تنازعہ پر استاد پیر محمد رند پر فائرنگ کی، فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اسکول میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
ڈی ایس پی نے کہا کہ متاثرہ اساتذہ کے ساتھ انصاف کیا جائے گا جبکہ تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے حکمت عملی بھی بنائی جا رہی ہے۔
Comments are closed on this story.