Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

صدر، وزیرِ اعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت

نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر انسانی اور مذموم عمل ہے، صدر مملکت
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2025 03:23pm

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہبازشریف سیمت دیگر سیاسی رہنماؤں نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت

صدر آصف زرداری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔

صدر کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر انسانی اور مذموم عمل ہے، مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اس کی روایات کے خلاف ہیں، بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں اور بچوں پر حملے کرنے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے، کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔

وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کا سدباب کررہی ہیں، دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، سیکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشت گردوں کو پسپا کر رہی ہیں۔

جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 155 مسافر بازیاب، 27 دہشتگرد ہلاک

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کا آپریشن جلد کامیاب ہوگا، بزدل دہشت گردوں کو ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، رمضان المبارک میں مسافروں کو نشانہ بنانا عکاس ہے کہ دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بدامنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیرخارجہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنا گھناؤنا چہرہ دکھادیا، دشمن نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، پی ٹی آئی نے فوج پر الزام تراشی شروع کردی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ قوم دشمنوں کے گٹھ جوڑ کو جان چکی، یہ قوم کے ساتھ غداری ہے۔

امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلوچستان ٹرین واقعے پر پوری قوم تشویش میں ہے، یرغمالیوں کی باحفاظت واپسی ترجیح ہونا چاہیئے، بار بار کہتے رہے کہ حالات سنگین ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران طبقہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے بڑھکیں مارتا رہا، بلوچستان پر قومی لائحہ عمل بنانے سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔

وزیر داخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے100 سےزائد مسافروں کوبازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 16 سےزائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کےعزائم کو ناکام بنایا، زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیےدعا گو ہیں، نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ جعفرایکسپریس پر حملہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے، خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائےگا، بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کردیا جائے گا، عوام خوفزدہ نہ ہوں، دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں، بچ کر کوئی نہیں جائےگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا جعفر ایکسپریس کے نہتے مسافروں پر حملہ کرنے والے انسانیت سے عاری ہیں، دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہر مسافر کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جعفر ایکسپریس پردہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کی طرف سے مسافروں کو یرغمال بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بےگناہ مسافروں کو نشانہ بنانا اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا بزدلانا فعل ہے۔

جعفر ایکسپریس حملہ: دہشتگردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، سیکیورٹی ذرائع

وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شہید کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے جعفر ایکسپریس پرحملے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ دہشت گرد پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، دہشت گردوں کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے، بلوچستان حکومت کا فوری ایمرجنسی کا نفاذ موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرےگا، ٹرین میں موجود مسافروں کے تحفظ کے لیے دعاگو ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ملک دشمنوں کی جانب سے بدامنی پھیلانے کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بزدل دشمن سے 190 مسافروں کو رہا کروالیا جبکہ آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔

دہشت گرد پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونے دینا چاہتے، گورنر سندھ

بلوچستان میں دہشت گردی کا یہ افسوس ناک واقعہ مچھ میں گڈا لار اور پیرو کنری کے درمیانی علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بولان کے پاس ڈھاڈر کے مقام پر دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا تھا، دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔

انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا تھا، یرغمالیوں میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں تھے، دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari

Attack on Jaffar Express

BLA Train Attack